قومی اقتصادی سروے کے اہم نکات: رواں مالی سال کے اہم اہداف حاصل، کچھ میں ناکامی

قومی اقتصادی سروے کے اہم نکات: رواں مالی سال کے اہم اہداف حاصل، کچھ میں ناکامی

اسلام آباد: قومی اقتصادی سروے برائے سال 2021-22 کے مطابق رواں مالی سال میں مہنگائی، تجارتی خسارے، درآمدات، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے، سرمایہ کاری، نیشنل سیونگز ، گندم و کپاس کے پیداواری اہداف حاصل نہیں ہو سکے ہیں جب کہ جی ڈی پی، زراعت، صنعت اور خدمات کے شعبوں کے اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔

وزیر اعظم کی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت

ہم نیوز کے مطابق اقتصادی سروے جائزہ کل جاری ہو گا، اقتصادی سروے برائے سال 2021-22 کے اہم خدوخال کے تحت رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ کئی اقتصادی اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں جب کہ کئی اہم اہداف حاصل نہیں ہوسکے ہیں۔

اعداد و شمار کے تحت رواں مالی سال جی ڈی پی کا ہدف 4.8 فیصد مقرر کیا گیا تھا جو 6 فیصد رہی، زرعی شعبے کا پیداواری ہدف 3.5 فیصد مقرر تھا جو 4.4 فیصد رہا، صنعتی شعبے کا پیداواری ہدف 6.6 فیصد مقرر کیا گیا تھا جو 7.2 فیصد رہا، خدمات کے شعبے کا پیداواری ہدف 4.7 فیصد مقرر تھا جو 6.2 فیصد رہا۔

اوسط مہنگائی کی شرح کا ہدف 8 فیصد مقرر کیا گیا تھا جو 13.3 فیصد رہی، مجموعی سرمایہ کاری 16.1 فیصد ہدف کے مقابلے میں 15.1 فیصد رہی، فکسڈ انوسٹمینٹ کی شرح 13.4 فیصد رہی، نیشنل سیونگز 15.4 فیصد ہدف کے مقابلے میں 11.1 فیصد رہی۔

ہم نیوز کے مطابق کپاس کی پیداوار 8.3 ملین بیلز، چاول کی پیداوار 9.3 ملین میٹرک ٹن، گنے کی پیداوار 88.7 ملین میٹرک ٹن رہی جب کہ گندم کی پیداوار 27.5 ملین سے کم ہوکر 26.4 ملین میٹرک ٹن ہوگئی۔

انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر

اعداد و شمار کے تحت ملکی معیشت کا حجم 383 ارب ڈالرز ہوچکا ہے جب کہ فی کس آمدن 1676 ڈالرز سے بڑھ کر 1798 ڈالر ہوگئی ہے۔

۔رواں مالی سال میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا ہدف 2 ارب 27 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز مقرر تھا لیکن جولائی تا اپریل کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 13 ارب 80 کروڑ ڈالرز پر پہنچ گیا۔

تجارتی خسارے کا ہدف 28 ارب 43 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز مقرر تھا جو جولائی تا مئی ریکارڈ 43 ارب 33 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا۔

درآمدات کا ہدف 55 ارب 26 کروڑ60 لاکھ ڈالرز تھا جو جولائی تا مئی کے دوران 72 ارب 18 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز پر پہنچ گئیں۔

اقتصادی کونسل کا اجلاس آج، آئندہ سال کے لیے شرح نمو 5.9فیصد رکھنے کا ہدف

ہم نیوز کے مطابق برآمدات کا ہدف 26 ارب 83 کروڑ ڈالرز مقرر تھا جو جولائی سے مئی میں 28 ارب 84 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز رہیں۔


متعلقہ خبریں