سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 3ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی


سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود 3ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی۔

وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود 3ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کردی۔

پاکستان کی معاشی مدد کے طور پر پیٹرولیم کی فنانسنگ بڑھانے پر اتفاق ہوا۔پاک سعودی سپریم کوآرڈنیشن کونسل کے تحت مختلف امور پر دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیے کی مطابق سعودی عرب  نے پاکستان اور اس کی معیشت کی مسلسل حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ۔پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے بھرپور تعاون کو سراہا گیا۔

دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ نجی شعبے،انڈسٹریز اور کان کنی کے شعبے  میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔  اعلامیے کے مطابق اقتصادی شعبے میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جائیں گی۔

سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پاک سعودی بزنس کونسل کے اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔زراعت اور خوراک کے شعبوں میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اعلامیہ  کے مطابق دونوں ملکوں کا ابلاغ عامہ کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ماحولیاتی ویژن کو سراہا گیا۔

ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے نئے معاہدے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں ملکوں کا دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔پاکستان  نے سعودی گرین اور مڈل ایسٹ گرین منصوبوں میں تعاون کی پیشکش کی ۔

دونوں ملکوں نے علاقائی اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا اور ایک دوسرے کے مفاد میں تعاون جاری رکھنے کی اہمیت سے اتفاق کیا۔

 


متعلقہ خبریں