کوئی کشیدگی نہیں، تکنیکی خامی تھی جو دور ہو گئی: وزیراعظم عمران خان


وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے موجودہ صورتحال پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا ہے۔

انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے پر کوئی کشیدگی نہیں، ایک پروسیجرل معاملہ تھا جس پر قیاس آرائیاں زیادہ ہو گئیں، میرے اور فوجی قیادت کے درمیان جو تعلقات ہیں، اس سے بہترکوئی تعلقات نہیں ہو سکتے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ تکنیکی خامی تھی جو دور ہوگئی، یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا،ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں۔

انہوں نے اجلاس میں موجود شرکا کو کہا کہ ہمیں اپنے منشور پر عملدرآمد کرنے پر توجہ دینی ہے۔

اس موقع پر اجلاس میں موجود رکن قومی اسمبلی شیرعلی ارباب نے اعلیٰ سطح کا پارلیمانی وفد افغانستان بھیجنے کا مطالبہ کیا۔

جس پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی پہلی کوشش ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران پیدا نہ ہو، افغانستان میں استحکام ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا۔

اقلیتوں کے حقوق سے متعلق انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کیلئے سب سے زیادہ اقدامات کیے ہیں، ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے، میں خود یہ سارا معاملہ دیکھ رہا ہوں۔


متعلقہ خبریں