ڈاکٹرعبدالقدیرخان کی تدفین خواہش کے مطابق فیصل مسجد میں ہوگی، وزیراعظم


پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹرعبدالقدیر خان کو ان کی خواہش کے مطابق فیصل مسجد میں دفن کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے ٹویٹ کیا کہ ڈاکٹر اے کیو خان کے انتقال پر بہت دکھ ہوا۔ میری تعزیت اور دعائیں ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

عمران خان نے لکھا کہ ڈاکٹرعبدالقدیرخان نے پاکستان کو ایٹمی ملک  بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے ٹویٹ کیا کہ ڈاکٹرعبدالقدیر کی خدمات نے بڑے جوہری ملک کی جارحیت سے پاکستان کو محفوظ رکھا۔پاکستانی عوام کے لیے وہ ایک قومی ہیرو تھے۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے پر پوری قوم ان سے محبت کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیرخان انتقال کر گئے

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج قوم ایک سچے محسن سے محروم ہو گئی ہے۔ ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے دل و جان سے مادر وطن کی خدمت کی۔

انہوں نے کہا ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا انتقال ملک کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ان کا کردار مرکزی ہے۔ اللہ ان کی روح پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے بھی پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ڈاکٹر قدیر نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لے گرانقدر خدمات سر انجام دیں۔ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے۔

سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ محسن پاکستان ہیں۔ ملک کو ایٹمی پروگرام دےکر ڈاکٹر عبدلقدیر خان نے قوم پر احسان کیا۔


متعلقہ خبریں