پاکستانی نوجوان کو گاڑی تلے کچلنے والے کرنل جوزف امریکہ روانہ


اسلام آباد: پاکستانی نوجوان کو اپنی گاڑی تلے کچل کر ہلاک کرنے والے امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف امریکی ایئر فورس کے خصوصی سی ون تھرٹی کے ذریعے نور خان ایئر بیس سے قطر روانہ ہو گئے۔

سفارتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے باضابطہ طور پر امریکہ سے کرنل جوزف کو واپس بلانے کا کہا تھا ۔ ذرائع کے مطابق کرنل جوزف کو واپس بھجوانے کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرنل جوزف کو مکمل سفارتی استثنیٰ حاصل تھا اور امریکہ  نے پاکستانی درخواست کے باوجود سفارتی استثنیٰ ختم نہیں کیا کیونکہ سفارتی استثنیٰ ختم نہ کرنا امریکہ کی پرانی روایت ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ نے کرنل جوزف کے خلاف انتظامی اور فوجداری مقدمہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اس لیے کرنل جوزف کے خلاف مقدمے کا مکمل  ریکارڈ بھی امریکہ کے حوالے کر دیا گیا  ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی سفارتکار کرنل جوزف کو لینے کے لیے بگرام ایئر بیس سے سی ون تھرٹی طیارہ  تقریبا دس بج کر پندرہ منٹ پر نور خان ایئر بیس پہنچا اور دس بج کر پینتالیس منٹ پر کرنل جوزف کو لے کر قطرروانہ ہوگیا۔ طیارے کی روانگی کے وقت امریکی سفارتی عملہ اور حساس اداروں کے اہلکار ائیر بیس  پر موجود تھے۔

رواں ماہ سات اپریل کو امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان عتیق بیگ جاں بحق اور اُس کا کزن شدید زخمی ہوگیا تھا۔ عتیق بیگ کے والد نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ ان کے بیٹے کے قاتل کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

اس سے پہلے پاکستانی حکام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ کرنل جوزف کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے اور وہ ملک نہیں چھوڑ سکتے۔

 


متعلقہ خبریں