لاہور: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کو سروسز اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ نے جوہر ٹاؤن قبرستان میں اپنی والدہ کی قبر پر فاتحہ خوانی کی۔
احسن اقبال نو روز تک سروسز اسپتال میں زیر علاج رہے جہاں ان کے بازو کا آپریشن ہوا اور پیٹ کی لیپرواسکوپی کی گئی۔
اسپتال میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر خارجہ و دفاع خرم دستگیر، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیراعلیٰ شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن سمیت مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے ان کی عیادت کی جبکہ پی ٹی آئی کا وفد بھی عیادت کے لئے اسپتال آیا۔
پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر محمود ایاز نے ہم نیوز کو بتایا کہ احسن اقبال کے زخم مندمل ہو گئے ہیں، ان کے پیٹ کے ٹانکے بھی کھول دیے گئے ہیں تاہم انہیں ابھی گھر پر ہی رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ احسن اقبال کے بازو کے ٹانکے ایک ہفتے تک کھولے جائیں گے۔