شرمیلا فاروقی، مریم نواز کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکیں


کراچی: پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکیں۔

پیپلز پارٹی رہنما شرمیلا فاروقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ن لیگی رہنما مریم نواز کے کپڑوں اور جوتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے مریم نواز کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں فیصلہ نہیں کر پا رہی کہ پہلے کیا آیا ہو گا جوتے یا لباس ؟ لیکن خاصا متاثر کن ہے۔

شرمیلا فاروقی کی جانب سے شیئر کردہ تصویر میں مریم نواز نے گرے اور سفید رنگ کی پرنٹڈ قمیض اور ٹراؤزر پہن رکھا ہے جبکہ تصویر میں مریم نواز نے کپڑوں کے پرنٹ سے ہم رنگ جوتوں کا بھی انتخاب کیا ہے۔

اس سے قبل جنید صفدر کی وائرل گلوکاری کی ویڈیو پر بھی ردعمل دیتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے انہیں ’اسٹار‘ قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو معاہدہ کر کے باہر بھیجنے والے قد دیکھ کر بات کریں، شازیہ مری

مریم نواز انتہائی مہنگے غیرملکی برانڈز کے جوتوں کا شوق رکھتی ہیں جبکہ لباس کے انتخاب میں وہ پاکستانی فیشن ڈیزائنرز کو ترجیح دیتی ہیں۔

حال ہی میں مریم نواز نے 25 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے آزاد کشمیر میں جلسے کیے، جن کے دوران جہاں ان کے پہنے گئے ایمبرائڈڈ ملبوسات سوشل میڈیا پر خوب پسند کیے گئے وہیں لاکھوں روپے جوتوں کی قیمت کے حوالے سے تنقید بھی کی گئی۔


متعلقہ خبریں