جمائما خان کو پاکستانی رکشے کی تلاش


وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور برطانوی پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ کو لندن میں ایک ایسے رکشے کی تلاش ہے جو پاکستانی اسٹائل کا ہو۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہمیں لندن میں فلم کیلئے پاکستانی اسٹائل کے رکشے کی ضرورت ہے۔ رکشہ اگلے ہفتے منگل اور جمعہ کو چاہیے، کیا کوئی کسی کو جانتا ہے جس کے پاس(رکشہ)ہے؟

جواب میں ایک پاکستانی صارف احتشام الحق نے ان کے مطلوبہ رکشے سے متعلق معلومات دیں جس کے جواب میں جمائما نے ان سے رابطے کیلئے کہا۔


احتشام الحق نے اپنا ای میل ایڈریس دیتے ہوئے واٹس ایپ نمبر سرِعام دینے سے معذرت کی، جمائما نے ای میل ایڈریس پر ہی شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما رومانوی کامیڈی فلم بنائیں گی

خیال رہے کہ جمائما نے اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی فلم بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں جس کی شُوٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔ فلم کی کہانی کا موضوع متوقع طور پر محبت اور شادی سے متعلق ہوگا جو لندن اور جنوبی ایشیا کے مابین ہوگا۔

ایک رپورٹ کے مطابق فلم میں پاکستانی اداکارہ سجل بھی مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گی۔ اس فلم کی اسکرپٹ رائٹر اور پروڈیوسر جمائما خان ہیں اور وہ اپنے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے اسے بنائیں گی۔


متعلقہ خبریں