ہم طالبان کو تسلیم نہیں کرتے، برطانوی وزیر خارجہ


اسلام آباد: برطانوی وزیر خارجہ ڈومینیک راب نے کہا ہے کہ ہم طالبان کو تسلیم نہیں کرتے۔

برطانوی وزیرخارجہ ڈومینیک راب نے دورہ پاکستان کے حوالے سے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میں گذشتہ روز قطر کے دورے کے بعد پاکستان میں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ قطر میں وزیر خارجہ سے کابل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی اور معاملات چلانے کے لیے ان کی کوششوں پر بات کی جبکہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کردہ اپنی ویڈیو میں کہا کہ ملاقاتوں میں پاک افغان سرحد کی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔ میں صورت حال دیکھنے خود طورخم گیا، طورخم پر میں نے مستقبل میں درپیش آنے والے چیلنجز کا جائزہ لیا اور سرحد پار کرنے والے افراد کیلئے سیکیورٹی انتظامات دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم طالبان کو تسلیم نہیں کرتے اور دیگر ممالک سے بھی یہی کہتے ہیں کہ وہ انہیں تسلیم نہ کریں۔ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان کو کبھی بھی دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہ بننے دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم: پاکستان کو ریڈ لسٹ میں رکھنے پر اظہار تشویش، برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات

برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ہر ایک قدم پر طالبان کو ان کے الفاظ سے نہیں بلکہ عمل سے جج کریں گے۔


متعلقہ خبریں