افغان حکومتی ڈھانچہ:ملا ہبت اللہ سپریم لیڈر، ملا برادر حکومت کے سربراہ ہوں گے


افغان طالبان  کی جانب سے نئے حکومتی ڈھانچے کا اعلان جلد متوقع ہے، غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہےکہ  مُلا ہبت اللہ  سپریم لیڈر جبکہ ملاعبدالغنی بردار نئی افغان حکومت کے سربراہ ہوں گے۔

نئی حکومت میں شیرمحمد عباس ستانکزئی اور مُلا یعقوب کو اہم عہدے دئیے جائیں گے،خبرایجنسی کا کہنا ہےکہ اسلامی گروپ کے3 ذرائع نے اس دعوے کی تصدیق کی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امارات اسلامی اردو نے دعویٰ کیا تھا کہ آج نماز جمعہ کے بعد امارت اسلامی کی نئی حکومت کا اعلان کیاجائے گا۔

طالبان ایرانی طرز حکومت اپناتے ہوئے سپریم لیڈر چنیں گے

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں  ایک امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا تھا کہ طالبان ایرانی حکومت کی طرح اپنے گروپ کے سربراہ ہبت اللہ اخوانزادہ کو سپریم لیڈر نامزد کریں گے۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق طالبان ایرانی طرز حکومت میں دلچسپی رکھتے ہیں جس میں صدر اور کابینہ تو موجود ہوتے ہیں مگر سپریم لیڈر بطور مذہبی رہنما تمام اختیارات اپنے پاس رکھتے ہیں۔

سپریم لیڈر صدر کے احکامات کو بھی ناقص العمل قرار دے سکتے ہیں اور وہی تمام فیصلوں میں سب سے طاقت ور آواز رکھتے ہیں۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ملا ہبت اللہ  افغانستان کے صوبے قندھار میں موجود ہیں، اور وہ شروع سے وہیں مقیم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملا ہیبت اللہ کی نئی تصویر منظر عام پر آ گئی

طالبان رہنما عباس ستانکزئی کا کہنا تھا کہ  طالبان  حکومت میں پرانے چہرے شامل نہیں ہوں گے۔ ہرقومیت کے نئے اہل افراد کو نئی حکومت کا حصہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ طالبان حکومت میں سرکاری اداروں میں خواتین کی نمائندگی ہو گی۔


متعلقہ خبریں