خواتین آسانی سے پولیس کی مدد حاصل کر سکیں گی، فیاض الحسن


لاہور: وزیر جیل خانہ جات اور پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ خواتین ایپ میں خصوصی بٹن دبا کر پولیس کی مدد حاصل کر سکیں گے۔

ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے اپنے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ خواتین کے خلاف جنسی جرائم اور تشدد کے خلاف پنجاب حکومت اور پولیس کا احسن اقدام ہے۔ ویمن سیفٹی ایپ آئی جی پنجاب انعام غنی کی زیر قیادت ایک جدید اور موزوں اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد جیسے واقعات کم کرنے کے حوالے سے یہ ایپ وقت کی ضرورت تھی اور اس ایپ کے استعمال سے خواتین میں غیر یقینی اور احساس عدم تحفظ کا خاتمہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے آبدیدہ ہو گئے

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ خواتین ایمرجنسی صورتحال میں ایپ میں خصوصی بٹن دبا کر پولیس کی مدد حاصل کر سکیں گی اور اس کے علاوہ فون کال اور میسج کے ذریعے بھی خواتین دیگر معاملوں میں رہنمائی حاصل کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ایپ کی بدولت پولیس کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے گی جبکہ خواتین کا تحفظ اور بہتر رہنمائی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی اولین ترجیحات ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ خواتین سے گزارش ہے اس ایپ کے استعمال سے اپنا اور اپنے پیاروں کا تحفظ یقینی بنائیں۔


متعلقہ خبریں