لیڈی ڈیانا پر بنی فلم ’اسپینسر‘ کی جھلکیاں جاری


لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی لیڈی ڈیانا کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’اسپینسر‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ فلم میں ان کی ازدواجی زندگی کے آخری ایام کو دکھایا گیا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق وینس فلم فیسٹیول میں ڈیانا کی فلم کا ورلڈ پریمیئر منعقد کیا جائے گا جب کہ اسے رواں برس نومبر میں سینما گھروں میں ریلیز کردیا جائے گا۔

ٹریلر سے فلم کی کہانی واضح نہیں ہے، تاہم کہا جا رہا ہے کہ اس میں صرف لیڈی ڈیانا کی ازدواجی زندگی کو ختم کرنے کے مسئلے کو دکھایا جائے گا۔ ’اسپینسر‘ ٹیم نے پہلے ہی کہا تھا کہ کہانی لیڈی ڈیانا کی شادی اور طلاق کے مسائل  کے گرد گھومتی ہے۔


فلم میں کرسٹین اسٹیورٹ نے لیڈی ڈیانا کا کردار ادا کیا ہے جب کہ جیک فاردنگ  شہزادہ چارلس کے روپ میں دکھائی دیں گے۔

فلم میں برطانوی شاہی خاندان کے دیگر چند کردار بھی شامل ہیں، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ملکہ برطانیہ کا کردار بھی اس میں دکھایا جائے گا یا نہیں؟

فلم کی کہانی اسٹیون نائٹ نے لکھی ہے۔ جب کہ اس کی ہدایات پابلو لارین نے دی ہیں اور وہی اس کے پروڈیوسر بھی ہیں۔

لیڈی ڈیانا کی شہزادہ چارلس سے 1996 میں طلاق ہوگئی تھی، جس کے ایک سال بعد ہی 1997 میں وہ فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں کار حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔

 

 

 


متعلقہ خبریں