پاک افغان سرحد باب دوستی آج سے کھولنے کا فیصلہ موخر


چمن: پاک افغان سرحدی حکام کے درمیان باب دوستی کھولنے سے متعلق اجلاس بےنتیجہ ختم ہو گیا۔

لیویز حکام کے مطابق باب دوستی آج کھولنے کا فیصلہ سیکیورٹی مسائل  کے باعث موخر کر دیا گیا ہے۔

بارڈر پر موجود تمام مال بردار گاڑیوں، ٹرکوں اور کنٹینرز کو واپس ٹرمینلز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ کسٹم عملے کو موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لیویزحکام کے مطابق باب دوستی کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ آج شام تک کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے طالبان کیساتھ مذاکرات کامیاب، چمن بارڈر کھولنےکا فیصلہ

سیکیورٹی اہلکاروں نے باب دوستی سے لاوڈاسپیکرز پر اعلانات کرتے ہوئے بارڈر کے دونوں جانب موجود شہریوں کو واپس جانے کی ہدایت کر دی ہے۔

اجلاس میں مہاجرکارڈ کی شرط  پر ڈیڈ لاک پیدا ہوا۔ پاکستانی حکام کا موقف تھا کہ افغان شہریوں کو مہاجر کارڈ پر آنےجانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔

اس سے قبل پاکستانی حکام اور طالبان کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد چمن بارڈر کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔

یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان اور پاکستانی حکام کا رابطہ: باب دوستی کو کھول دیا گیا

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ گزرہ گاہ پیدل آمدورفت کےلیے روزانہ 8 گھنٹے کھلی  رہےگی۔ پیدل آمدورفت کیلئے پاکستانی شہریوں کےپاس شناختی کارڈ اور افغانیوں کے پاس تذکیرہ(سفری اجازت نامہ) ہونا لازمی ہوگا۔

خیال رہے کہ طالبان نےگزشتہ ماہ سپین بولدک پر قبضہ کر لیا تھا اور جمعے کے روز سے چمن کراسنگ کے ذریعے آمد و رفت بند کر دی تھی۔ افغان ضلع سپین بولدک کے دفتری امور طالبان کے پاس ہیں۔


متعلقہ خبریں