کمشنرگوجرانوالہ کا گمشدہ کتا دو روز بعد مل گیا ہے تاہم کمشنرآفس نے اس معاملے پر فی الحال کوئی بات نہیں کی۔
نمائندہ ہم نیوز کے مطابق شہری کی نشاندہی پر سرکاری عملے نے کتا تحویل میں لے لیا۔ 2روزقبل گوجرانوالہ میں رکشے پرلاوَڈاسپیکرکےذریعے کتےکی گمشدگی کےاعلانات کیے گئے تھے۔
کمشنر آفس گوجرانوالہ اور کارپوریشن آفس نے ہم نیوز کے رابطہ کرنے پر کوئی جواب نہیں دیا اور معاملےپر بات کرنے سے گریز کیا ہے۔
کتے کی تلاش کیلئے شہر میں گمشدگی کے اعلانات کیے گئے اور اس مقصد کے لیے رکشے پر لاؤڈ اسپیکر نصب کیا گیا تھا۔
کمشنر کا پالتو کتا سرکاری رہائش گاہ سے گم ہوا۔ پالتو کتے کی تلاش کے لیے میونسپل کارپوریشن کے عملے کو ذمہ داری تفویض کی گئی تو اس نے ایک رکشے پر لاؤڈ اسپیکر نصب کراکے اعلانات کرانے کا سلسلہ شروع کردیا۔
اعلان کیا گیا کہ عزت ماب کمشنر صاحب کا جرمن شیفرڈ کتا سرکاری رہائش گاہ سے گم ہو گیا ہے۔
اردو نیوز کے مطابق کیے جانے والے اعلان میں واضح طور پر کہا جا رہا ہے کہ یہ کتا جس کسی کو ملے وہ فوری طور پر کمشنر آفس پہنچا دے۔
اعلان میں واضح طور پر انتباہ کیا گیا ہے کہ اگر کارروائی کے دوران یہ کتا کسی سے ملا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔