پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کی تباہ کن بلے بازی، انگلینڈ کو جیت کیلئے 233 رنز کا ہدف


پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی بلے بازوں کی تباہ کن بیٹنگ کے باعث قومی ٹیم نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 233 رنز کا ہدف دے دیا۔

ناٹنگھم کے میدان میں کھیلے جا رہے میچ میںانگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔

پاکستان کی جانب سے بلے بازی کا آغاز کا بابراعظم اور محمد رضوان نے کیا اور دنوں نے پہلے وکٹ کے لیے ریکارڈ 150 رنز کی شراکت داری قائم کر دی۔

بابر اور رضوان نے انگلینڈ کے بولرز کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور گراونڈ کے چاروں اطراف چوکوں اور چھکوں کی بارش کر دی۔

رضوان نے 41 گیندوں پر 63 جب کہ بابراعظم نے 49 گیندوں پر 85 رنز بنائے۔

اوپننگ بلے بازوں کے آوٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ، صہیب مقصود اور فخر زمان نے کیمیو اننگز کھیلی اور مقررہ 20 اوورز میں ٹیم کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 تک پہنچا دیا۔

خیال رہے کہ یہ پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔

ٹیمیں:

قومی ٹیم میں آج اعظم خان کا ڈیبیو ہو رہا ہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔


خیال رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی ان فٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی20 میچ سے آؤٹ ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جمعے کی صبح جاری ہونے والے بیان کے مطابق حسن علی انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہوں گے۔

ٹیم انتظامیہ نے حسن علی کی بائیں ٹانگ میں کھچاؤ کی وجہ سے انہیں اس میچ میں آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ٹرینٹ بریج میں پریکٹس کے دوران حسن علی کو بائیں ٹانگ میں کھچاؤ محسوس ہوا جس پر ٹیم انتظامیہ نے انہیں پہلے میچ میں آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں انگلینڈ نے پاکستان کو تین صفر سے شکست دی تھی۔


متعلقہ خبریں