اپر چترال: دریا کے تیز بہاؤ سے مرکزی شاہراہ سمیت درجنوں گھر بہہ گئے

اپر چترال: دریا کے تیز بہاؤ سے مرکزی شاہراہ سمیت درجنوں گھر بہہ گئے

خیبرپختونخوا کے ضلع اپر چترال میں دریا کے تیز بہاؤ سے مرکزی شاہراہ پانی میں بہہ گئی جس کے سبب لوئر چترال سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ لاکھوں افراد محصور ہوکر رہ گئے۔

اپر چترال کے گاؤں ریشون کے مقام پر دریا کے کٹاو کے سبب کئی ایکٹر زمین اور دریا کے کنارے آباد درجنوں گھر بھی بہہ  گئے ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق پانی کے تیز بہاؤ کے سبب مرکزی روڈ کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے جس کی وجہ سے دو طرفہ ٹریفک بند ہوگئی جس کے سبب مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی شہری شاہد اقبال کے مطابق مرکزی شاہرہ کے بہہ جانے کے بعد مسافر گاڑیوں کی لمبی قطار لگ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: گلگت: درمندر میں سیلاب نے تباہی مچا دی، 40 گھر بہہ گئے

دوسری جانب لوگ شاہراہ کے قریبی گھروں کو خالی کرکے دوسری جگہ نقل مکانی کرنے لگے ہیں تاہم امدادی سرگرمیوں میں مقامی افراد خود حصہ لے رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ لوئرچترال کے مطابق دریا کی وجہ سے زمین کی کٹائی گزشتہ چار ماہ سے جاری تھی جس کے متعلق کمشنر ملاکنڈ اور صوبائی حکومت کو آگاہ کردیا تھا جبکہ دریا کا رخ موڑنے کے لیے مشینری اور دیگرکاموں کے لیے دوکروڑ روپے فنڈز بھی مانگے گئے تھے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں تمام متعلقہ ادارے پہنچ چکے ہیں اور مزید نقصان سے بچنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق ریشون دوسو گاؤں پر مشتمل ہے اور اگر دریا کا رخ نہ موڑا گیا تو نہ صرف پورے گاؤں کو نقصان پہنچ سکتا ہے بلکہ شندور اور گلگت روڈ سے بھی رابطہ مکمل منقطع ہونے کا خدشہ ہے۔


متعلقہ خبریں