حج سے متعلق سعودی حکومت کا فیصلہ قابل تحسین ہے، مولانا طاہر اشرفی


وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور مشرف وسطیٰ مولانا طاہراشرفی نے کہا ہے کہ رواں برس سعودی عرب میں مقیم افراد ہی حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حج سے متعلق سعودی حکومت کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔ سعودی عرب میں مقیم سعودی اورغیر ملکی افراد اس سال حج کرسکیں گے۔

مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب نے کورونا اورعالمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا۔ حج سے متعلق سعودی عرب کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وبا کے باعث پاکستان سمیت غیرملکی عازمین رواں برس حج کے لئے سعودی عرب نہیں جاسکیں گے۔

سعودی وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رواں سال سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار افراد ہی حج کرسکیں گے۔

جاری اعلامیے کے مطابق کسی ملک کے شہریوں کو رواں سال حج کےلیے نہیں آنے دیا جائے گا۔ بیرون ملک رہنے والے افراد کو حج کی اجازت نہیں ہوگی۔  صرف ویکسین لگوانے والے افراد کو حج کرنے کی اجازت ہوگی

ہم نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سمیت غیر ملکی افراد حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب: حج کے طریقہ کار کا اعلان آئندہ چند روز میں ہو گا

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا تھا کہ سعودی حکومت نے ابھی تک کسی بھی ملک کو حج کا کوٹہ جاری نہیں کیا۔

ایک بیان میں ترجمان کا کہنا تھا کہ حج کوٹہ ملنے پر وزارت مذہبی امور حج پالیسی 2021 کا اعلان کرے گی۔ عوام الناس حج سے متعلق وزارت کے حتمی اعلان سے قبل حج بکنگ نہ کروائیں۔

 


متعلقہ خبریں