سعودی حکومت نے ابھی تک کسی بھی ملک کو حج کا کوٹہ جاری نہیں کیا، ترجمان مذہبی امور


وفاقی وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے ابھی تک کسی بھی ملک کو حج کا کوٹہ جاری نہیں کیا۔

ایک بیان میں ترجمان کا کہنا تھا کہ حج کوٹہ ملنے پر وزارت مذہبی امور حج پالیسی 2021 کا اعلان کرے گی۔ عوام الناس حج سے متعلق وزارت کے حتمی اعلان سے قبل حج بکنگ نہ کروائیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزارت کے اعلان سے قبل کسی بھی شخص یا کمپنی کی جانب سے حج بکنگ غیر قانونی تصور ہو گی۔ بعض دھوکے باز عناصر حج بکنگ کا جھانسا دے کر عوام الناس کو مالی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسے کسی بھی عمل کی اطلاع ملنے پر تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام الناس دھوکے باز عناصر سے باخبر رہیں۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امور نے کہا ہے کہ عوام حج سے متعلق وزارت کے حتمی اعلان کا انتظار کریں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں قائم سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ حج کے حوالے سے ابھی کچھ حتمی طور پر طے نہیں کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ حج سے متعلق ابھی تک سب باتیں صرف تجاویز ہیں، ان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کا غیرملکیوں کو حج کی اجازت دینے کا فیصلہ

یاد کہ چند ماہ قبل سعودی عرب کی حکومت نے عالمی وبا کورونا کے پھیلاؤ سے بچنے کیلئے رواں سال حج کی مشروط اجازت دی تھی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج کے ترجمان نے کہا تھا کہ ماہرین صحت صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، کورونا کے پھیلاؤ سے بچنے کیلئے رواں سال حج کی مشروط اجازت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حفظان صحت کو یقینی بنانےکے لیے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جب کہ حج کے آپریشنل پلان کی تفصیل بعد میں بتائی جائے گی۔

خیال رہے کہ دو ماہ قبل سعودی عرب نے واضح کیا تھا کہ عازمین حج کے لیے کورونا ویکسین لازمی قرار دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں