کرکٹ کلب کی رجسٹریشن کیلئے سخت شرائط ختم

PCB

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کلب کرکٹ کی رجسٹریشن میں حائل سخت شرائط کو ایک سال کے لیے ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

پی سی بی نے کلب کرکٹ کو فوری طور پر بحال کرنے کے لیے کلبوں کی رجسٹریشن کی سخت شرائط کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور گورننگ بورڈ نے اس اقدام کی منظوری بھی دے دی ہے۔

ملک میں اس وقت کرکٹ کلبوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے اور کلبوں کو تین کیٹیگری میں رجسٹرڈ کرنے کی تجویز تھی تاہم پی سی بی نے نئے آئین کو سامنے رکھتے ہوئے سخت اور کچھ ناممکن شرائط بھی رکھی تھیں جس میں ذاتی گراؤنڈز، سوئمنگ پولز، جم اور دیگر شرائط شامل تھیں جو عملاً پورا کرنا ناممکن تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں گذشتہ دو سال سے کلب کرکٹ بند ہے جبکہ پی سی بی کے نئے آئین کو وجہ بنا کر پہلے مرحلے میں ڈپارٹمنٹل ٹیموں کو بند کیا گیا اور پھر کلب کرکٹ کی رجسٹریشن کے لیے سخت شرائط رکھی گئیں جن پر عمل کرنا ناممکن تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نوجوان لڑکوں کو منتخب کر کے تجربہ کیا جارہا ہے، مشتاق احمد

پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک اور سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ ایک سال کے لیے کلبوں کی رجسٹریشن میں سخت شرائط کو ختم کردیا گیا ہے تاکہ کلب کرکٹ شروع ہو سکے۔


متعلقہ خبریں