روس نے ٹوئٹر کو ایک ماہ میں بند کرنے کی دھمکی دیدی


روس نے  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے مطالبہ کیا ہے وہ ایک ماہ میں ممنوعہ مواد ہٹائے ورنہ ملک بھر میں اس کی سروس بند کردی جائے گی۔

عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق گزشتہ ہفتے روس نے ممنوعہ مواد ویب سائٹ سے نہ ہٹانے پر ’ٹوئٹر‘ کی رفتار ( اسپیڈ) کم کردی تھی۔

روسی مواصلاتی واچ ڈاگ روسکو مناڈزور کے ڈپٹی ہیڈ وڈیم سبوٹن نے کہا ہے کہ ٹوئٹر نے روس کے تحفظات پر ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ اگر ٹوئٹر ایک ماہ میں ممنوعہ مواد نہیں ہٹاتا ہے تو اس کی سروس پورے ملک میں بند کردی جائے گی۔

وڈیم سبوٹن کا مزید کہنا تھا کہ ٹوئٹر ہماری درخواستوں پر توجہ نہیں دے رہا ہے جسے اسے دینا چاہیے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو پھر اسے بغیر عدالتی حکم کے ایک ماہ کے اندر بند کردیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  اگر ٹوئٹر بچوں سے متعلق فحش مواد، غیر قانونی منشیات اور بچوں کے خود کشی سے متعلق ممنوعہ مواد ہٹاتا ہے تو روس میں یہ بلاک ہونے سے بچ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹوئٹر کے شریک بانی کی پہلی ٹوئٹ کروڑوں روپے میں نیلام

اس سے قبل روس کے سرکاری کمیونی کیشن ریگولیٹر  نے کہا تھا کہ ممنوعہ مواد ویب سائٹ سے نہ ہٹائے جانے پر ٹوئٹر کا استعمال محدود کرنے کی خاطر اس کی رفتار کم کی گئی ہے۔

روس کے متعلقہ حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ممنوعہ اور غیر قانونی مواد کی موجودگی تک سماجی رابطوں کی اس ویب سائٹ ٹوئٹر کی رفتار کو کم رکھا جائے گا۔

ٹوئٹر انتظامیہ پاکستانی صارفین سے متعلق متعصبانہ رویے پر غور کرے، پی ٹی اے

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی حکام کا اس ضمن میں مؤقف ہے کہ اس وقت ٹوئٹر پر تقریباً تین ہزار سے زائد ایسی پوسٹیں موجود ہیں جو ان کے مطابق ممنوعہ اورغیر قانونی مواد پر مشتمل ہیں۔

روسی حکام نے واضح طور پر مؤقف اپنایا ہے کہ اگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر یہی سلسلہ برقرار رہا اور ممنوعہ مواد پر مشتمل پوسٹیں نہ ہٹائی گئیں تو مکمل طور پر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: صارفین کے پرزور مطالبے کے بعد ٹوئٹر پر انتہائی اہم فیچر شامل کرنے کا فیصلہ

خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس کے صدارتی محل کریملن نے اس حوالے سے جاری کردہ اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ روس سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پابندیوں کا اطلاق نہیں چاہتا ہے لیکن سوشل میڈیا سے متعلق کمپنیوں کو بھی روسی قوانین کا احترام کرنا چاہیے۔

 

 


متعلقہ خبریں