جنوبی وزیرستان میں آپریشن، ٹی ٹی پی کمانڈر نورستان عرف حسن بابا ہلاک


جنوبی وزیرستان کے علاقے شرونگئی اور طیارزہ میں پاک فوج نے آپریشن کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر کیا گیا۔ آپریشن کے دورنا فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر نورستان عرف حسن بابا ہلاک ہوگیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد بڑے عرصے سے سیکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا۔ کمانڈر نورستان عرف حسن بابا آئی ای ڈی کا ماہر اور دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد نورستان دہشت گردوں کا ماسٹر ٹرینر تھا۔ 2007میں50سےزائد سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت میں بھی ملوث تھا۔

پاک فوج نے گزشتہ ہفتے بھی شمالی وزیرستان کے علاقے ملک خیل میں آپریشن کے دوران مطلوب کمانڈر رحمت عرف خالد سمیت 2 دہشت گردں کو ہلاک کیا تھا۔

دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شہزاد رضا شہید ہوگئے تھے۔

دہشتگرد کمانڈر رحمت بارودی سرنگیں بنانے کا ماہر تھا۔ دہشتگرد کمانڈر اغوا برائے تاوان،بھتہ خوری اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے شمالی وزیرستان میں ہی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

رواں ماہ کے آغاز پر بھی میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو جوان شہید اور چار زخمی ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں