سیالکوٹ: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر میں احتیاط نہ کی تو یہ سردیاں مشکل سے گزریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ماسک کے استعمال سے کورونا وبا سے بچا جاسکتا ہے۔ کورونا کی پہلی لہر کے دوران مشکلات کا سامنا تھا اور عوام نے بھی تعاون کیا۔
کورونا کی پہلی لہر کے دوران، کاروبار اور عوام کا خیال رکھا گیا۔ اپوزیشن تنقید کررہی تھی کہ میں مکمل لاک ڈاوَن نہیں کررہا۔ آج وہی اپوزیشن کورورنا کی دوسری لہر کے دوران جلسے کررہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ میں بہت تیزی سے کورونا وائرس پھیل رہا ہے۔ اگر احتیاطی تدابیر پر عمل کیا تو اپنی انڈسٹری اور لوگوں کو بچاسکتے ہیں۔
عمران خان نے ایئرسیال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آنے والے دنوں میں سیالکوٹ ایکسپورٹرز کا سینٹر بن جائے گا۔
ہم نے بزنس کمیونٹی کی رکاوٹیں دور کرنی ہیں۔ جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں ان پر خاص توجہ دی جائے،
گلگت بلتستان،فاٹا اور بلوچستان پیچھے رہ گیا ہے، ڈی جی خان کے قبائلی علاقے سب سے پیچھے رہ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جہاں چھوٹا سا طبقہ امیر اور باقی غریب ہوں۔ چین نے 70کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا اور اب وہ سی پیک کے ذریعے اپنے مغربی چین کو اوپر اٹھانا چاہتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے ملک کی دولت نہیں بڑھے گی ملک کو غربت سے نہیں نکال سکتے۔انڈسٹریلائزیشن کے ذریعے ملک کو اوپر اٹھائیں گے۔ ایکسپورٹس میں اضافے سے ملک ترقی کرے گا۔
ہم نے اپنی ایکسپورٹس میں اضافہ کرنا ہے اور نوجوان آبادی کے لیے نوکریوں کے مواقع پید ا کرنے ہیں۔ چین صنعتی ترقی اور برآمدات بڑھا کر سب سے زیادہ ترقی کر رہاہے۔