وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان کی ملاقات ہوئی ہے جس میں جموں و کشمیر کی صورتحال اور او آئی سی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہم نیوز کے مطابق نائجر میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال، کورونا چیلنج، کثیرالجہتی دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کےامور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جی 20 سمٹ کے کامیاب انعقاد پرسعودی ہم منصب کو مبارکباد پیش کی۔
ملاقات میں وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا اور کشمیر کے حوالے سے سعودی عرب کی اصولی اور مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
او آئی سی کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب ملے گا، شاہ محمود
اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ فرحان بن فیصل نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔
سعودی وزیرخارجہ فرحان بن فیصل نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے توانائی سمیت مختلف اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔