ماضی میں سیاستدانوں نے ملک سے زیادہ اپنے آپ کو فائدہ پہنچایا، وزیراعظم


تربت : وزیراعظم عمران خان  نے کہا ہے ماضی میں پاکستان کے سیاستدانوں نے ملک سے زیادہ اپنے آپ کو فائدہ پہنچایا۔

تربت میں بلوچستان کے جنوبی اضلاع کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان باقی پاکستان سے پیچھے رہ گیا۔ بلوچستان کے سیاستدانوں نے زیادہ تر اپنا سوچا۔ سابقہ وزیراعظم نے بلوچستان سے زیادہ لندن کے دورے کیے۔ ایک صدر نے بلوچستان سے زیادہ دبئی کے دورے کیے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین نے 70کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ چین چاہتا تھا کہ مغربی چین سی پیک کے ذریعے تیزی سے ترقی کرے۔ کبھی بھی کوئی ملک آگے نہیں جاسکتا کہ چھوٹا طبقہ امیر اور باقی غریب ہوجائیں۔ماضی میں بلوچستان میں صرف تالیاں بجا کر چلے جاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ زور لگائیں گے کہ بلوچستان کو اوپر اٹھائیں۔ ملک ایک گھر ہوتا ہے اور یہ نہیں ہوسکتا کہ 2 بچے آگے نکل جائیں اور باقی پیچھے رہ جائیں۔ وزیراعظم ایک گھر کے باپ کی طرح ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے دیکھنا ہوتا کہ سارے بچے ایک ساتھ ترقی کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت دنیامیں جو ملک سب سے تیزی ترقی کررہا ہے وہ چین ہے۔ سب کو نظر آرہا ہے کہ چین چند سال بعد سب سے اوپر چلا جائے گا۔ 2 ہزار ارب ڈالر چین کی تجارت ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی سرمایہ کاروں کیلئے منظوریوں کا عمل آسان بنانے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ساری دنیا میں کورونا وائرس کا عذاب آیا ہوا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے بھارت کے معاشی حالات بہت خراب ہیں۔ حکومت ملی تو تاریخی خسارہ تھا۔ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ جس طرح پاکستان کورونا سے نکلا ہے کوئی دوسرا ملک نہیں نکلا۔ آنے والے دنوں میں ہمیں بہت احتیاط کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے 900 ارب روپے کم ٹیکس جمع ہوا۔ عوام کو ایس اوپیز پر عمل درآمد اور ماسک پہننا ہوگا۔ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت برباد ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس نوجوان آبادی ہے۔ نیا پاکستان ہاوَسنگ اسکیم اب بلوچستان لے کر آرہے ہیں۔ یہ پہلی دفعہ پاکستان میں ہورہا ہے۔ احساس پروگرام کے تحت غریبوں کو 200ارب روپے دیئے گئے۔ اللہ کا شکر ہے ہماری معیشت اوپر جارہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آمدنی اور خرچے میں خسارہ رہے تو وہ ملک اوپر نہیں جاسکتا۔ پاکستان نے گزشتہ 4 ماہ سے کوئی قرضہ نہیں لیا۔ پاکستان میں ریکارڈ سیمنٹ، موٹرسائیکل اور سریا فروخت ہورہا ہے۔ اسٹاک مارکیٹ ایشا کی بہترین اسٹاک مارکیٹ ہے۔ اللہ کا شکر ہے ہماری پالیسیاں کامیاب ہوئیں اور ملک او پر جارہا ہے۔

اس سے قبل تربت میں دارالاحساس اور وسیلہ تعلیم پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔ طلبا میں تجزیہ کرنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے، طلبا کی تعلیم کیلئے ہر ممکن مدد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ انسانوں میں سرمایہ کاری کیے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا انقلاب آرہا ہے۔ کوشش ہے کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر توجہ دیں۔ اب ہمارے پاس وہ ٹیکنالوجی ہے کہ دور دراز علاقوں میں تعلیم دیں۔ ماضی میں توجہ نہ دینے کے بجائے بلوچستان پیچھے رہ گیا۔ بلوچستان پر سب سے زیادہ فنڈنگ کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب بلوچستان کے طلبا کیلئےاسکالرشپس بڑھا کر 360 کر رہے ہیں۔ پنجاب حکومت بلوچستان میں اسپتال بنا رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو داد دیتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ نے انسان کو طاقت دی ہے کہ وہ ہر خواب پورا کرسکتا ہے۔ انسان ہر مشکل وقت سے سیکھتا ہے۔ طلبا میں تجزیہ کرنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے۔ طلبا کی تعلیم کیلئے ہر ممکن مدد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کامیابی کے حصول کا کوئی شارٹ کٹ نہیں۔ برے وقت اور ناکامی کا سامنا کرنا اور سیکھنا چاہیے۔ بلوچستان میں خاص طور پر تعلیم یافتہ لوگوں کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جہاز سے تربت دیکھا، پیارا اور تاریخی شہر ہے۔ اللہ نے انسان کو اشرف مخلوقات بنایا ہے۔ اللہ نے فرشتوں سے کہا انسان کے سامنے جھکو۔ علم کے باعث انسان دوسری مخلوقات سے افضل ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے علم حاصل کرنے کا حکم دیا۔ ریاست مدینہ دنیا میں پہلی فلاحی ریاست بنی۔ نبی کریمﷺ نے جنگی قیدیوں کو 10 مسلمانوں کو پڑھانے کا حکم دیا۔ کئی سو سال تک دنیا کے بڑے سائنسدان مسلمان رہے۔

 


متعلقہ خبریں