’پرواز ہے جنون‘ کا چین میں شاندار پریمیئر



مومنہ اینڈ درید فلمز کے بینر تلے پاک فضائیہ کے اشتراک سے بننے والی بلاک بسٹر فلم ’پرواز ہے جنون‘ کا چین میں شاندار پریمیئر ہوا۔

’پرواز ہے جنون‘ کل سے چینی سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ ہم فلمز کی ’پرواز ہے جنون‘ چین میں چالیس سال بعد ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے فلم ’پرواز ہے جنون‘ کے چینی سینما گھروں میں دکھائے جانے پر کہا تھا کہ یہ ایک خوش آئند عمل ہے، ایسے اقدامات سے ملک کا مثبت امیج اجاگر ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پرواز ہے جنون 40 سال بعد چین میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم

شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات سے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان رابطے بڑھتے ہیں۔ چین کی فلمیں بھی پاکستانی سینما گھروں میں دکھائی جائیں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پرواز ہے جنون میں جے ایف 17 تھنڈر طیارہ بھی دکھایا گیا ہے جو کہ پاکستان اور چین کے اشتراک سے بنا ہے۔

انٹرنیشنل فیڈریشن آف فلم کرٹکس پاکستان کے رکن اعجاز گُل کا کہنا تھا کہ یہ چین میں دکھائی جانے والی تیسری پاکستانی فلم ہوگی۔

اعجاز گل کا مزید کہنا تھا کہ یہ فلم تمام بین الاقوامی تقاضے پورے کرتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ اسے چین میں بھی پسند کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ چین دنیا کی سب سے بڑی سینما مارکیٹ جہاں 41 ہزار سے زائد سینما اسکرینز ہیں۔

فلم پرواز ہے جنون میں محبت کی تکون کی کہانی بھی ہے۔ وطن سے محبت کا جذبہ اور نوجوان شاہینوں کے جنون کی داستان بھی فلم میں موجود ہے جبکہ فلم کے گانے بھی بہت مقبول ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی اسکرین پر پرواز ہے جنون کا پریمیئر

مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی فلم پرواز ہے جنون کی چین میں ریلیز سے پاکستانی سینما انڈسٹری کی بحالی میں بہت بڑا قدم ہے۔

اس فلم کی چین میں ریلیز کے بعد پاکستانی فلموں کیلئے دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ کے دروازے بھی کھل جائیں گے۔


متعلقہ خبریں