چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ

اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل مجاہد انور نے ندیم رضا کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے افسروں اور جوانوں سے خطاب کیا اور ایئر فورس کے جوانوں کے پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

مزید پڑھیں: لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی تعینات

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا نے جدید جنگی حکمت عملی میں افواج کی باہمی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاک فضائیہ کا اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور بلند حوصلہ اسے دنیا کی بہترین ایئر فورس بناتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے روس میں روسی چیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات کی تھی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان  میں کہا گیا تھا کہ ملاقات میں خطےکی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا اور دونوں ممالک کی افواج کےدرمیان تعاون پربات چیت ہوئی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق روسی جنرل نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا تھا۔ روسی جنرل نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا تھا۔

مزید پڑھیں: مشترکہ تربیتی مشقیں، روسی فوجی دستہ پاکستان پہنچ گیا

خیال رہے کہ 13 مئی کو ماسکو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا تھا کہ افغانستان کی سلامتی اور ترقی کا راستہ پاکستان سمیت خطے کی دیگر ریاستوں کی شراکت کے بغیر ناممکن ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کا تعاون ضروری ہے.


متعلقہ خبریں