ماسک نہ پہننے سے کورونا زیادہ پھیل رہا ہے، این سی او سی 


اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کہا ہے کہ ماسک نہ پہننے کی وجہ سے کورونا وائرس زیادہ پھیل رہا ہے۔ 

وفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا۔ جس میں این سی اوسی کو ملک بھر میں کورونا کے پھیلاوَ سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ سماجی فاصلے پرعملدرآمد نہ ہونے سے کورونا دوبارہ پھیل رہا ہے ساتھ ہی ساتھ  شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کورونا کے پھیلاؤ کے بڑے مرکز بن رہے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات انتہائی ضروری ہیں اور ماسک کا استعمال کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں سب سے اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد کرنے سے موسم سرما میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کورونا کے پھیلاؤ کے بڑے مرکز بن رہے ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے کورونا ایس او پیز پرعملدآرمد کرنے پر تعلیمی اداروں کی تعریف کی گئی۔

یاد رہے کہ آج بھی پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے چار افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے644نئےکیسزرپورٹ ہوئے اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد3 لاکھ15ہزار260 تک پہنچ گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 375 کورونا مریض صحت یاب ہوئے اورشفایاب افراد کی مجموعی تعداد2 لاکھ 98 ہزار 968 ہوگئی۔ ملک بھر میں کورونا ایکٹیو کیسز کی تعداد 9ہزار135 ہے۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 16 ہزار766 ہو گئی ہے۔ پنجاب 99 ہزار 812، سندھ میں ایک لاکھ 38 ہزار 50، خیبرپختونخوا میں 37 ہزار 973، بلوچستان میں 15 ہزار 371، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 828 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 816 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں