ہندوؤں کا قتل، ہندو برادری آج اسلام آباد میں دھرنا دے گی

ہندو برادری کے احتجاجی قافلوں کی اسلام آباد آمد: مظاہرین کی نعرے بازی

اسلام آباد: بھارت میں 11 پاکستانی ہندوؤں کے قتل کے خلاف آج ہندو برادری اسلام آباد میں دھرنا دے گی۔

ملک بھر سے نکلنے والے ہندو برادری کے قافلے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں۔ جس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے لگائے جا رہے ہیں۔ احتجاجی ریلی کے شرکا اسلام آباد میں قائم بھارتی ہائی کمیشن کے باہر دھرنا دیں گے۔

اسلام آباد کی جانب مارچ کرنے والے ہندو برادری کے قافلے گزشتہ شب پنجاب میں داخل ہو گئے تھے۔ سندھ سے پنجاب میں داخل ہونے والی ریلی 100 سے زائد بسوں پر مشتمل ہے۔ ریلی میں بھارت میں قتل ہونے والے ہندووں کے ورثاء کی بڑی تعداد موجود ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت میں پاکستانی ہندوؤں پر مظالم بند نہ کیے گئے تو عالمی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ بھارت میں موجود آر ایس ایس اور را کی تنظیم کو دہشت گرد قرار دیا جائے۔

ہندو مظاہرین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی عدالت سے انصاف دلائیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے اعلان کیا تھا کہ بھارت کے شہر جودھپور میں پاکستانی ہندوؤں کی ہلاکت پر بھارتی ہٹ دھرمی کے خلاف ہندو برادری اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر دھرنا دے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جودھپور واقعے کے خلاف ملک بھر سے ہندو برادری کے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے 24 ستمبر کو بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی دھرنا دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ہندوؤں کی ہلاکت کا معاملہ: رمیش کمار کا بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے دھرنے کا اعلان

رمیش کمار کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر سے اقلیتی برادری کے لوگ اسلام آباد آئیں گے۔ قومی اور بین الاقوامی میڈیا کو بتانا چاہتے ہیں۔ جب تک بھارت ہندو خاندان سے متعلق تحقیقات کی کاپی شیئر نہیں کرے گا، دھرنا جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں