گلوکار سجاد علی 54 برس کے ہو گئے


لاہور: سروں کے چیف صاحب نامور گلوکار سجاد علی 54 برس کے ہو گئے۔

پاکستانی گلوکار، اداکار اور ہدایت کار سجاد علی 24 اگست 1966 کو لاہور میں پیدا ہوئے  اور کراچی کے نیشنل آرٹس کالج سے تعلیم حاصل کی، اداکاری اور ہدایت کاری کے میدان میں صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے سجاد علی نے اپنے چچا تصدق حسین سے کلاسیکی موسیقی کی تربیت حاصل کی۔

سجاد علی نے 14 برس کی عمر میں کلاسیکی موسیقی کے پروگرام راگ رنگ میں پرفارم کیا، پکے راگ ہوں یا دھیمے سر یا پھر پاپ سونگ، سجاد علی  ہر صنف میں نمایاں ہیں۔

پاکستان میں پاپ موسیقی متعارف کروانے کا سہرا بھی سجاد علی کے سر جاتا ہے۔ سجاد علی کے گانے ’’باوری چکوری‘‘ نے موسیقی کو سمجھنے والے افراد کو اس کی جانب متوجہ کیا تھا جس کے بعد بڑے بڑے قد آور گلوکاروں کا ماننا تھا کہ یہ آگے جا کر خوب نام کمائے گا اور پھر ایسا ہی ہوا۔

1993 میں سجاد علی کے گیت “بے بی آ” نے تہلکہ مچا دیا تھا تاہم سجاد علی کے کئی سپرہٹ گانے اور البم شائقین کے پسندیدہ ہیں۔ “چیف صاب”، “ابھی موڈ نہیں”، “سوہنی لگ دی” سجاد علی کے سپرہٹ گانوں میں سے ایک ہیں۔ سجاد علی کا آخری البم 2008 میں ریلیز ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: معروف اداکار جمشید انصاری کو مداحوں سے بچھڑے 15 برس بیت گئے

سجاد علی کے گانے ’’بے بیا‘‘ نے انہیں راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ سجاد علی جس طرح غزل گلوکاری میں ڈوب کر گاتے ہیں وہیں پاپ سونگز میں ان کا فن خوب بولتا ہے۔

سجاد علی نے “لو لیٹر”، “منڈا تیرا دیوانہ”، “ایک اور لو سٹوری” میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔


متعلقہ خبریں