اسلام آباد: کشمیرہائی وے کا نام تبدیل کرکے سری نگر ہائی وے رکھ دیا گیا


اسلام آباد: کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے حکومت نے اسلام آباد کے کشمیرہائی وے کا نام تبدیل کرکے سری نگر ہائی وے رکھ دیا۔

اس حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ مودی سرکار نے کشمیری عوام پر مظالم کی انتہا کردی ہے۔ مودی نئے دور کا ہٹلر ہے۔ مودی بھارت میں بھی اقلیتوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ مودی کی سوچ ہندوتوا ہے۔

وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر بہترین اندازمیں لڑا ہے۔ بھارتی فورسز نے مظلوم کشمیریوں پر ظلم کیے۔ کشمیر کے معاملے پر پورا پاکستان متفق ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا میں بےنقاب کرنا ہے۔ ہمیں سفارتی محاذ پر کشمیر کا مسئلہ لڑنا ہے۔ ہم سب نے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل حکومت نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 5 اگست کے دن خصوصی ڈاک ٹکٹ کے اجرا کا اعلان کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’یوم استحصال‘ کی مناسبت سے  آئی ایس پی آر کا نیا گانا ریلیز

اسلام آباد میں وزیر مواصلات مراد سعید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو بھرپورطریقے سے یوم استحصال منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ مختلف تقاریب اور ریلیوں کے ذریعے دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھایا جائےگا۔ 5 اگست ہماری تاریخ کا سیاہ دن ہے۔ عوام 5اگست کو بھرپور اندازمیں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کریں۔

شبلی فراز  کا کہنا تھا کہ دنیا کو بتایا جائے کہ کشمیری تنہا نہیں، پاکستانی قوم ساتھ کھڑی ہے۔ 5اگست کو مودی کے یکطرفہ اقدام کوایک سال مکمل ہوجائے گا۔

مراد سعید نے کہا تھا کہ 5اگست کی مناسبت سے ڈاک ٹکٹ پوری دنیا میں جائے گا۔ وزیراعظم نے جس اندازمیں کشمیرکا مسئلہ لڑا، اس کی مثال نہیں ملتی ہے۔ وزیراعظم کے اقدامات کے باعث دنیا میں مسئلہ کشمیر دوبارہ اجاگر ہوا۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں نے بھی بھارتی اقدامات پر تنقید کی۔ خصوصی ڈاک ٹکٹ میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم اجاگر کیے گئے ہیں۔ ٹکٹ میں زنجیر سے مراد پوری دنیا کو کشمیر سے کاٹنا ہے۔ ڈاک ٹکٹ میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی عکاسی کرتا ہے۔


متعلقہ خبریں