گلگت: گلگت بلستان میں مزید 6 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وبا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 556 ہوگئی۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 43 ہزار 966 ہو گئی ہے۔
ہم نیوز نے تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے سبب 939 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ 12 ہزار 489 افراد نے اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت مہلک وبا کو شکست بھی دی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں کل 15 ہزار 976 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ سندھ میں رجسٹرڈ کیسز کی تعداد 17 ہزار 241 ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے میجر محمد اصغر کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہید
کورونا کے صوبہ خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 230، بلوچستان میں 2 ہزار 820، آزاد کشمیر میں 115 اور گلگت بلتستان میں 556 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 1,034 تک جا پہنچی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 334 اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 280، پنجاب میں 273، بلوچستان میں 38، اسلام آباد میں 09 اور گلگت بلتستان میں چار افراد نے دار فانی سے کوچ کیا۔
آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے سبب ایک فرد جان کی بازی ہار گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 188 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 12 ہزار 975 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر چارلاکھ 292 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
