کراچی: سول اسپتال کراچی میں داخل کورونا کی مریضہ کی شکایت پرمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
سول اسپتال کراچی میں داخل کورونا کی مریضہ نے الزام لگایا ہے کہ وہ پچھلے پانچ دنوں سے سول اسپتال میں موجود ہیں، لیکن اسپتال کا عملہ چیک اپ کے لیے نہیں آتا ہے۔
مریضہ نے الزام لگایا ہے کہ اسپتال میں بلیاں اور چوہے گھومتے رہتے ہیں۔ مریضوں کی طبیعت اچانک خراب ہوجانے پر بھی کوئی نہیں آتا۔ ماسک اور سینیٹائزر مانگنے پر بھی کوئی نہیں آتا۔
مریضہ نے الزام لگایا ہے کہ میرے شوہر کو بھی میرے ساتھ رکھا ہوا تھا، ان کا ٹیسٹ ہونے کے بعد وہ بھی الگ ہوگئے ہیں۔
دریں اثناء اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر خادم نے مریضہ کی شکایت پرآئسولیشن وارڈ نمبر 2 میں پیش آنے والے واقع کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت کورونا پہ مسلسل نظر رکھے، بلاول
ایم ایس ڈاکٹر خادم نے تین رکنی کمیٹی کو 24 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایم ایس کا کہنا ہے کہ اسپتال میں بلیوں کے داخلے کو روکنے کے لیے خصوصی مہم چلائی جاتی ہے۔ کئی بلیوں کو اسپتال کے احاطے سے پکڑ کر باہر منتقل کیا جاچکا ہے۔