اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت مذاکرات سے راہ فرار اختیار کررہا ہے، اسلام آباد جامع مذاکرات کے لئے ہر وقت تیار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ بھارتی ہائی کمشنر پاکستانی قومی سلامتی کے مشیر سے ملنا چاہتے تھے، ملاقات ہو گئی ہے۔ پاکستان نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا۔
جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے آغاز میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مبنی ’کشمیر غموں اور درد کی وادی، دوزخ میں بدلی جنت‘ نامی خصوصی فلم دکھائی گئی۔
ڈاکٹر فیصل نے ابتدا میں کہا کہ آج کی بریفنگ اداسی کے ساتھ شروع کررہا ہوں۔ بھارتی افواج نے 17 سے 29 سال کے 20 کشمیریوں کو شہید اور 300سے زائد کو زخمی کیا۔ شہداء میں حافظ اور اسکالرز بھی شامل تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کشمیر میں افسوسناک صورتحال کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ پیلٹ گنز سے 40 نوجوان اپنی بینائی کھو بیٹھے ہیں۔ پاکستانی وزیراعظم نے زخمیوں کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے، خواہ علاج دنیا کے کسی بھی ملک میں کرایا جائے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی مظالم نے ریاستی دہشت گردی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے اور پاکستان اس کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔
وفاقی کابینہ میں کئے گئے فیصلے کے متعلق انہوں نے بتایا کہ پاکستان دنیا کے اہم ممالک میں نمائندہ وفود بھیجے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت و طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کی اور فلسطینیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے روکے۔
فلسطینیوں کی شہادت پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ فلسطینی ریاست 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل ہونی چاہئے۔ آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے حامی ہیں، یہی مسئلہ فلسطین کا حل اور مستقل قیام امن کا ضامن ہے۔
قبل ازیں وزیر خارجہ اور سیکریٹری خارجہ نے دفتر خارجہ میں غیر ملکی مشنز کے سربراہان کو کشمیر کی موجودہ صورتحال کے متعلق بریفنگ دی۔