اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کوآرڈینیشن کمیٹی اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن کو بڑھانے یا ختم کرنے سے متعلق فیصلہ نہیں ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نےلاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ صوبائی حکومتوں پرچھوڑ دیا ہے۔
پاکستان میں ایک جانب کورونا تو دوسری جانب بھوک ہے، عمران خان
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکورونا کیسزمیں اضافے پر طبی ماہرین کی تشویش سےآگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ نجی اسپتالوں کےمالکان اورطبی ماہرین نےلاک ڈاؤن میں توسیع کی تجویز دی ہے، کورونا کیسزکی تعداد خصوصاً لوکل ٹرانسمیشن میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا کیسزکی موجودہ شرح اورمستقبل کےخدشات تشویشناک ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب 58 افراد جاں بحق اور 4,187 متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ 25 کی حالت تشویشناک ہے۔
کورونا: تمام غیر ملکی افراد کے ویزے میں 30 اپریل تک توسیع
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں اس وقت کورونا کے 2132، سندھ 932 اور خیبرپختونخوا میں 500 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ صوبہ بلوچستان میں 210 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 83 کورونا وائرس کے متاثرہ کیسز درج کیے گئے ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق گلگت بلتستان میں 211 اور آزاد کشمیر میں 28 کورونا وائرس سے متاثرہ کیسز کا انداراج کیا جا چکا ہے۔ پاکستان میں مجموعی طورپر کورونا کے 467 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس سے سندھ میں 18، پنجاب16، خیبرپختونخوا 18، اسلام آباد1، بلوچستان 2 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا کے 59 فیصد مریض بیرون ملک سے آئے ہیں اور 41 فیصد مقامی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3076 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے 25 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ملک بھر میں 462 اسپتالوں میں آئی سولیشن کی سہولت موجود ہے جن میں 7295 بیڈز موجود ہیں۔ اس وقت تک 328 قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں 16737 مریضوں کو رکھا گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق آٹھ ہزار 493 افراد کوگھروں میں قرنطینہ کی سہولت دی گئی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم کرنے کے لیے جزوی لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ ملک میں عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہے اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔