لاہور: پیراگون ہاوَسنگ سوسائٹی کیس گرفتار خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو کیمپ جیل لاہورسے رہا کردیا گیا
گزشتہ دنوں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری نے خواجہ برادران کی پیراگون ہاوَسنگ سوسائٹی کیس میں ضمانت منظور کر لی تھی۔
17 مارچ کو سپریم کورٹ نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی ضمانت بعد ازگرفتار کی درخواستوں کی سماعت کی تھی۔ جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں بینچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔
خواجہ برادران کے وکیل امجد پرویز نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ہم نے کبھی دستاویزات فراہم کرنے سے انکار نہیں کیا جبکہ 6 ماہ کی گرفتاری کے بعد ریفرنس فائل کیا گیا۔ خواجہ برداران کبھی بھی نیب کی طلبی پر غیر حاضر نہیں ہوئے۔
مزید پڑھیں: پیراگون اسکینڈل: خواجہ برادران کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ
انہوں نے کہا تھا کہ کیس میں 122 گواہ مقرر کیے گئے لیکن صرف 5 گواہوں کے بیانات قلمبند ہوئے۔ پانچواں گواہ بھی وہ شخص ہے جس نے وعدہ معاف گواہ کا بیان ریکارڈ کیا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق سابق وفاقی وزیر جبکہ خواجہ سلمان رفیق سابق صوبائی وزیر ہیں اور اس وقت رکن قومی اسمبلی اور رکن صوبائی اسمبلی ہیں۔ ان کی گرفتاری کو16 ماہ گزر چکے ہیں جبکہ دونوں اراکین کے حلقے کی عوام اپنے نمائندوں کے میسر ہونے سے محروم ہیں۔
خواجہ برادران کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ 7 ہزار 200 کنال کی زمین خواجہ برادران کی تھی جبکہ پیراگون سوسائٹی کی کمپنیاں مختلف تھیں۔ نیب کا الزام ہے کہ لوگوں کو الاٹمنٹ نہیں دی گئی اور 68 افراد کو پلاٹ نہ دینے کا الزام عائد کیا گیا۔
انہوں نے عدالت کو بتایا تھا کہ پیراگون نے 68 میں سے 62 افراد کے معاملات ٹھیک کر دیے تھے جنہیں نیب نے نوٹس بھی بھیجا اور انہوں نے بتایا کہ معاملہ نیب کی وجہ سے حل نہیں ہوا۔
ی