اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران ’مافیا‘ نے پاکستان کے دل لاہور کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔
اسلام آباد سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو لاہور کا کچرا نہیں اُٹھا سکتے وہ شہباز شریف کی میٹرو اور اورنج لائین پہ حسد بھری تنقید کرتے تھے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کا دشمن عمران مافیا آج صوبے پر مسلط ہے۔ لاہور شہر کا کچرا نہ اُٹھا سکنے والے کی بد انتظامی اور کرپشن کا کچرا پورے ملک میں پھیل رہا ہے۔
مزید پڑھیں: ن لیگ نے بھی سٹرکوں پر آنے کا فیصلہ کرلیا
انہوں نے کہا کہ لاہور شہر کا جو کچرا نہیں اُٹھا سکتے وہ پنجاب کے عوام کی تعلیم ، صحت ، پبلک ٹرانسپورٹ کا خیال کیسے رکھے گیں؟ شہباز شریف کو پنجاب کو لوگ ہر گھڑی اور ہر روز یاد کرتے ہیں۔
لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران مافیا نے دل اور پھولوں کے شہر لاہور کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔ شہباز شریف نے دن رات محنت کر کے لاہور میں ایک ایک منصوبہ لگایا ،اسے پھولوں کا شہر بنایا جسے عمران ’مافیا‘ نے کچرے کا ڈھیر بنا دیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کو سڑکیں، موٹر ویز، میٹروز، اورنج ٹرین، اسپتال، اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں دیں اور عمران مافیا نے اٹھارہ ماہ میں سب کچرے کا ڈھیر بنا دیا۔
مزید پڑھیں: بنی گالا میں چھاپے مارے جائیں تو لوٹ مار سامنے آ جائے گی، مریم اورنگزیب
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کو 6،000 میگاواٹ بجلی کے منصوبے دیے۔ یہ بجلی آج پورا پاکستان استعمال کر رہا ہے اور عمران مافیا کی اٹھارہ ماہ میں کارکردگی صرف ہے۔
لیگی ترجمان نے کہا کہ عمران مافیا نے ملک کی معیشت، کاروبار اور روزگار سب کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔ جو کچرا نہیں اُٹھا سکتے وہ ملک کی معیشت کیا خاک ٹھیک کریں گے؟
انہوں نے کہا کہ جو کچرا نہیں اُٹھا سکتے وہ کیسے ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر دیں گے؟ جو کچرا نہیں اُٹھا سکتے وہ کیا کاروبار اور روزگار دیں گے؟ عمران خان کے ذہن میں ضد، تکبر، حسد، انتقام اور جھوٹ کا کچرا بھرا ہوا ہے۔