کورونا وائرس: 724 ہلاک، 34 ہزار سے زائد متاثر

چین میں کورونا کی نئی لہر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے گزشتہ روز مزید86 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 724 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 34 ہزار 878 افراد متاثر ہوئے ہیں جس میں سے6 ہزار106 کی حالت انتہائی نازک ہے جب کہ 2085 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

دنیا بھر کے 28 ممالک کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں چین، جاپان، سنگاپور، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، آسٹریلیا، امریکہ، ملیشیاء، جرمنی، تائیوان، ماکاؤ، ویتنام، فرانس، متحدہ عرب امارات، کینیڈا، فلپائن، بھارت، برطانیہ، روس، اٹلی، نیپال، کمبوڈیا، سری لنکا، فن لینڈ، سویڈن، بیلجیئم اور اسپین شامل ہیں۔

چین کے کم سے کم دس صوبوں میں تمام سرکاری اور غیرسرکاری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے اور لوگ اپنے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ تمام تعلیمی ادارے، دفاتر اور فیکٹریاں بند ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق حکومت نے کم سے کم دس فروری تک یہی صورتحال برقرار رہنے کا عندیہ دیا ہے۔

فرانس، امریکہ، برطانیہ، مصر، کینیا، روانڈا اور روس نے چین کیلئے اپنی پروازیں بند کر دی ہیں تاہم تمام ممالک اپنے شہریوں کو چین سے نکالنے کیلئے خصوصی پروازیں بھیج رہے ہیں۔

پاکستانیوں کی معلومات

دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ چار پاکستانیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

وائرس سے متاثرہ ووہان سمیت چینی صوبہ ہوبے میں 559 سے زائد پاکستانی طلبہ  موجود ہیں۔ ہوبے کی 14 یونیورسٹیوں میں489  پاکستانی طلبہ ہیں جبکہ طلبہ کیساتھ خاندان کے 70 افراد بھی موجود ہیں۔

ہوبے یونیورسٹی میں 14، سینٹرل چائنا یونیورسٹی میں 16 اور ووہان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں 54 طلبہ اور ان کے خاندان کے 14 افراد موجود ہیں۔

وائرس سے شدید متاثرہ علاقوں میں موجود پاکستانی شہریوں کیساتھ معصوم بچے بھی ہیں۔ ووہان یونیورسٹی میں 82 طلباء اور  خاندان کے 23 افراد ہیں۔

ووہان ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں 19، ووہان یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی میں 83، ووہان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں 5 طلبا، ہوبے یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں ایک پاکستانی طالبعلم ہے۔

ہوبے یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی میں 60 پاکستانی طلبا اور ان کے خاندانوں کے 27 افراد موجود ہیں۔ ووہان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں 54 طلبا اور ان  خاندان کے 14 افراد موجود ہیں۔

چین کے صوبہ جیلن سے ایک مہمان طالبعلم ووہان یونیورسٹی کا حصہ ہے، ہواژانگ زرعی یونیورسٹی میں 47، زانگنان یونیورسٹی آف اکنامکس اینڈ لاء میں 22 پاکستانی طلبا موجود ہیں۔ چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے ووہان کیمپس میں 8 طلبا اور ان کے خاندان کے 5 افراد موجود ہیں۔ چائنیز یونیورسٹی آف جیوسائنسز ووہان میں پاکستان کے 71 طلبا اور ان کے خاندان کا ایک فرد موجود ہے۔


متعلقہ خبریں