جنگ شروع آپ کریں گے اور ختم ہم، میجر جنرل آصف غفور


راولپنڈی: ڈائریکٹرجنرل آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بات صرف سات سے دس دن کی نہیں اس سے پہلے اور بعد کی بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت اور ملٹری قیادت غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، جو فوج 80 کشمیریوں کو 71سال سے شکست نہیں دے سکی وہ207 ملین پاکستانیوں کو کیسے شکست دے سکتی ہے۔

جنگ میں کسی کی ہار جیت نہیں ہوتی، انسانیت ہارتی ہے، مسلط شدہ جنگ کا بھرپور جواب دیں گے۔ انڈین لیڈر شپ کہتی ہے 7-10دن میں پاکستان کو ختم کر دیں گے۔ پاکستان اور افواجِ پاکستان ہمیشہ آپ کو حیران کریں گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جنگ شروع آپ کریں گے اور ختم ہم کریں گے۔ پاکستانی سول و ملٹری لیڈر شپ خطے میں امن کی خواہاں ہے۔ انڈین سول ملٹری لیڈر شپ کو بھی خطے میں امن کی اہمیت کا ندازہ ہونا چاہیے۔

افواج اسلحے کے زور پر نہیں، جذبہ ایمانی اور عوام کی حمایت سے لڑتی ہیں۔ ذمہ دارافراد بھارتی وزیراعظم جیسے بیانات نہیں دیتے۔

بھارتی لیڈر شپ کو چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کو بند کریں کیوں کہ وہاں لگی آگ پورے خطے میں پھیل سکتی ہے اور دُنیا کو بھی اس خطرے کا ادراک ہو نا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فروری 2019 میں پاک بھارت جنگ دستک دے چکی تھی۔ افواج پاکستان کی تیاری، موثر جواب نے امن کا راستہ ہموار کیا۔ تینوں سروسز نے اپنے آپ کو قابل فورس کے طور پر منوایا۔ پاکستانی قیادت نے اس خطرے کو احسن طریقے سے نمٹایا۔ پاکستان نے پچھلی دو دہائیوں میں دہشت گردی کے خلاف بقا کی جنگ لڑی ہے۔

جنرل قمر باجوہ کی سُپیریر ملٹری سٹریٹیجی نے جنوبی ایشیا کو بہت بڑی تباہی سے بچایا اور اقوامِ عالم میں پاکستان کا مقام بلند کیا۔ کامیاب ملٹری ڈپلومیسی نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو نمایاں کیا۔ آرمی چیف نے پاکستان کی سلامتی و ترقی کو ہمیشہ مقدم رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ باجوہ ڈاکٹرائن ملکی سلامتی پر کوئی بھی سمجھوتہ کیے بغیر ملک اور خطے میں امن لانا ہے۔ ہم سب کا ایک عہدِوفا ہے۔عہدِوفا وطن، وطن کی مٹی و ہم وطنوں کے ساتھ۔۔ عہدِوفا کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اور ہم اس عہد کو وفا کریں گے۔


متعلقہ خبریں