چین میں پراسرار وائرس سے شہری ہلاک


بیجنگ: چینی وزارت صحت کے حکام نے ملک میں پھیلے ہوئے پراسرار وائرس کے باعث ایک شہری کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق وسطی چین کے شہر ووہان میں ایک 61 سالہ شخص جو سانس کی کمی اور شدید نمونیا کا شکار تھا، اسے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جو بعدازاں جاں بر نہ ہو سکا۔

ووہان میونسپل ہیلتھ کمیشن نے بتایا کہ اس پراسرار وائرس میں مبتلا 41 افراد کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جن میں سے سات کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔

دوسری جانب امریکہ کے ادارے برائے انسداد بیماری (سی ڈی سی) نے چین میں مقیم اپنے شہریوں کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ اس پراسرار بیماری میں مبتلا افراد اور جانوروں سے دور رہے اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

چین کی ہیلتھ اتھارٹی نے بتایا  ہے کہ پراسرار بیماری سے مرنے والا شخص ووہان کے سمندری غذا کے بازار میں باقاعدہ خریدار تھا۔

حکام نے بتایا کہ اسپتال میں داخل ہونے کے بعد علاج سے اس کی حالت میں بہتری نہیں آئی اور وہ 9 جنوری کی شام کو دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔

چینی حکام نے کہا ہے کہ حالیہ بیماری کی وجہ ابھی تک پتہ نہیں چل سکی ہے ، لیکن انہوں نے اس قیاس آرائی کو مسترد کیا ہے کہ یہ سارس کی طرح کی کوئی بیماری ہے۔

اس ضمن میں چینی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ کورونا وائرس کے طرز کا کوئی وائرس ہو سکتا ہے جو کھانسی، چھینکنے یا  کسی کو چُھونے سے بھی لگ جاتا ہے۔

پراسرار بیماری سے بچنے کے لئے چینی عوام نے دھڑا دھڑ ماسک خریدنا شروع کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے اس کی قلت ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں