اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ٹیکسٹائل اور کپڑوں کی برآمدات میں 4.68 فیصد جبکہ مجموعی طور پر برآمدات میں 4.79 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان کے مطابق جولائی سے نومبر کے دوران ٹیکسٹائل اور کپڑوں کی برآمدات 5.76 ارب ڈالراور مجموعی طور پر 9.54 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، گزشتہ برس پہلے پانچ ماہ کے دوران 9.10 ارب ڈالر کی اشیا بیرون ملک بھجوائی گئی تھیں۔
نومبر کے دوران ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات 1.17 ارب ڈالر رہیں جو کہ گزشتہ برس کے اسی ماہ میں 1.09 ارب ڈالر تھیں، یہ 7.03 فیصد اضافہ ہے۔
نٹ ویئر کی برآمدات میں قیمت کے لحاظ سے 8.69 فیصد اور مقدار کے لحاظ سے 6.05 فیصد اضافہ ہوا ہے، اسی طرح بیڈ ویئر بالترتیب 4.69 فیصد اور 14.37 فیصد رہیں۔
ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں قیمت کے لحاظ سے 13.19 فیصد اورمقدار کے حوالے سے 35.95 فیصد اضافہ ہوا ہے، اس کے مقابلے میں تولیہ کی برآمدات میں صرف ایک فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
اسی عرصہ کے دوران کاٹن یارن، خام کپاس، کاٹن کے بغیر یارن، آرٹ اینڈ سلک اور کاٹن کارڈڈ کی برآمدات میں بالترتیب 2.87 فیصد، 3.67 فیصد، 2.81 فیصد، 10.7 فیصد اور 100 فیصد اضافہ ہوا۔
تیل کی درآمدات میں بڑی کمی
رواں سال نومبر سے جولائی کے دوران تیل کی درآمدات 21.79 فیصد کمی کے ساتھ 5.11 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، خام مال کی درآمدات میں 28.01 فیصد کمی آئی، مقدار کے حوالے سے خام مال کی درآمدات میں 3.35 ملین ٹن کی کمی واقع ہوئی۔
تیل کی مصنوعات میں بھی 25.66 فیصد کمی واقع ہوئی، مقدار کے لحاظ سے دیکھا جائے تو 14.44 فیصد کمی کے ساتھ 3.9 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔
گیس اور مشینری کی درآمدات
قدرتی مائع گیس کی درآمدات بھی 8.43 فیصد کمی اور مائع پٹرولیم گیس کی درآمدات میں 32.38 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مشینری کی درآمدات 3.97 فیصد کم ہو کر 3.58 ارب ڈالر رہ گئیں، گزشتہ برس یہ 3.72 فیصد تھیں، دفاتر کی مشینری میں 17.03 فیصد، ٹیکسٹائل میں 1.7 فیصد اور تعمیرات میں 41.8 فیصد کمی واقع ہوئی۔
موبائل فون، بجلی اور دیگر درآمدات
ٹیلی کام اور موبائل سیٹ کی درآمدات 63.62 فیصد بڑھ کر 498.46 ملین ڈالر جبکہ دیگر آلات 23.61 فیصد اضافے کے ساتھ 184.29 ملین ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔
یاد رہے کہ موبائل سیٹ کی اسمگلنگ پر کریک ڈاؤن اور سامان کے ساتھ مفت درآمدات کی سہولت کے خاتمے کے باعث یہ اضافہ ہوا ہے۔
اسی طرح بجلی سے متعلقہ مشینری کی درآمدات 31.34 فیصد اضافے کے ساتھ 971.34 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ دوسری طرف زراعت، ٹیکسٹائل اور تعمیرات سے متعلقہ مشینری کی ملک میں آمد میں کمی واقع ہوئی ہے۔
اس برس پہلے پانچ ماہ کے دوران مواصلات سے متعلقہ مشینری کی درآمدات میں 41.91 فیصد اور موٹر وہیکل میں 73.9 فیصد کی بڑی کمی ہوئی ہے۔
جولائی سے نومبر کے دوران خوراک سے متعلقہ درآمدات میں 15.36 فیصد کمی ہوئی ہے، دودھ، خشک میوہ جات، گندم، چائے، سویابین آئل، پام آئل، شوگر میں بھی مجموعی طور پر کمی ہوئی ہے۔
اس عرصے کے دوران مصالحہ جات کی درآمدات میں 1.26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ پانچ برس کے بعد جاری کھاتوں کے خسارے میں کمی کا سہرا ٹیکسٹائل اور کپڑے کی برآمدات میں اضافے اور تیل و خوراک کی برآمدات میں کمی کے باعث واقع ہوا ہے۔