’نواز شریف کو ملنے والی سہولیات آصف زرداری کو بھی ملنی چاہئیں‘

آصف زرداری کا جیل میں عجیب واقعہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جو سہولیات نوازشریف کو ملیں وہی آصف زرداری کو ملنی چاہئیں۔

پروگرام میں گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی بیماری پر کسی کو شک نہیں پھر بھی انہیں بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں۔

میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق پنجاب حکومت کو کئی درخواستیں دیں، جیل ڈاکٹروں کی ہدایات پر آصف زرداری کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا پھر بھی انہیں ذاتی معالج نہیں فراہم کیا گیا جو کہ کیا جانا چاہیے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری پوائنٹ اسکورنگ نہیں کررہے، انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں اپنے نظریات قوم کے سامنے واضح کیے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان بڑی بڑی باتیں کرکے یوٹرن لے لیتے ہیں، وزیراعظم عمران خان اور ان کے وزرا اپنے بیانات سے مکر جاتے ہیں۔

شہزاد اکبر 

وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کا ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آصف زرداری کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل کیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب کی یو ٹرن والی بات کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی یوٹرنز کی فہرست بہت لمبی ہے، یہ ماضی میں جنہیں چور اور لٹیرے کہتے تھے آج انہی کے ساتھ بغل گیر ہیں۔

’نواز شریف اگر واپس نہ آئے تو ان کی مشکلات بہت بڑھ جائیں گی‘

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیرون ملک جانے سے عوام کو یہ تاثر گیا ہے کہ صرف زرداری اور نوازشریف کا علاج بیرون ملک ہوسکتا ہے، ایسا ہوتا رہا تو قوم کا اعتبار اٹھ جائےگا۔

پروگرام میں گفتگو کے دوران شہزاد اکبر نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی ان کا ذاتی فیصلہ ہے تاہم اگر وہ واپس نہ آئے تو ان کی مشکلات بہت بڑھ جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے نوازشریف کی واپسی  سے متعلق بیان حلفی دیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ نوازشریف علاج کرا کے واپس آئیں گے، بیان حلفی کی خلاف ورزی پر شریف برادران عدالتوں کے بھی مجرم ہوں گے۔

’نواز شریف سے کوئی ذاتی جنگ نہیں ہے‘

مشیر برائے احتساب کا کہنا تھا کہ انڈیمنٹی بانڈ کی شرط رکھنے کا مقصد نواز شریف کی وطن واپسی کو یقینی بنانا تھا، لاہور ہائیکورٹ نے اسٹامپ پیپر کے ذریعے ان کی وطن واپسی کی یقین دہانی حاصل کی ہے۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے کوئی ذاتی جنگ نہیں ہے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر حکومت نے انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے۔

مشیر احتساب شہزاد اکبر نے بتایا کہ برطانوی حکام سے رابطے میں ہیں اور انہیں سابق وزیراعظم کی روانگی سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ برطانوی حکام کو عدالتی فیصلے سے بھی آگاہ کیا جائے گا، اگر نوازشریف کسی اور ملک جاتے ہیں تو اس حکومت کے علم میں بھی تمام تر تفصیلات لائی جائیں گی۔


متعلقہ خبریں