اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پیچھے رہ جانے والے احباب جلد از جلد آزادی مارچ میں شرکت وفاقی دارالحکومت کا رخ کریں۔
انہوں نے کہا ہے کہ جو لوگ رائے ونڈ اجتماع میں شریک ہیں امید ہے وہ دعا کے بعد ہمارے قافلے میں شرکت کے لئے پہنچیں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں موجود آزادی مارچ کے اسٹیج سے اعلان کیا گیا ہے کہ کوئی کارکن میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت نہ کرے۔
اسٹیج سے ہونے والے اعلان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا سے صرف پارٹی کے ذمہ داران بات کریں۔
خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ وزیراعظم کو مستعفی ہونے کے لیے دو دن کا وقت دیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور امن کے دائرے میں ہیں وگرنہ یہ انسانوں کا سمندر وزیراعظم کو گرفتار کرنے کی قدرت رکھتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ کسی ایک جماعت کااجتماع نہیں ہے بلکہ یہ پاکستانی قوم کااجتماع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پرصرف عوام کا حق ہے اور وہ اب موجودہ حکومت کو مزید مہلت دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
ن کا کہنا تھا کہ ہم انصاف اور ایسے نظام کے قیام کے خواہش مند ہیں جہاں عدل کی حکمرانی ہو۔