بجلی کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران تیسری بار اضافہ متوقع

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے) کی درخواست پر رواں ماہ بجلی کی قیمت میں تیسری بار اضافہ متوقع ہے۔

نیپرا آج سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت کرے گا جس کے بعد نئی قیمتوں کا تعین ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق بجلی کی قیمت میں  2 روپے 97 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے جو ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جائے گا۔

سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں درخواست کے مطابق اضافے سے صارفین پر 40 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا جو آئندہ ماہ کے بلوں میں ادا کرنا ہوگا۔

سی سی پی اے کے مطابق ستمبر میں فرنس آئل کے استعمال کے باعث عوام کو مہنگی بجلی فراہم کی گئی۔ ستمبر میں فرنس آئل سے81 کروڑ 72 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جس کی فی یونٹ لاگت 13 روپے 53 پیسے رہی۔

گزشتہ ماہ  پانی سے 37.09 فیصد، گیس سے 11.85 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 21.06 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

سی پی پی اے کے مطابق ستمبر میں مجموعی طور پر 13 ارب 62 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی گئی اور تقسیم کار کمپنیوں کو 13 ارب22 کروڑ یونٹس فراہم کیے گئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سی پی پی اے نے تجویز دی تھی کہ 2 روپے 97 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے لیکن نیپرا نے 1 روپے 66 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا تھا جس سے صارفین پر 20 ارب روپے اضافی بوجھ پڑا۔

قبل ازیں رواں ماہ کے آغاز میں دو اکتوبر کو بھی ایک روپے 66 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا۔ اس وقت جاری ہونے والے نیپرا اعلامیے کے مطابق اضافہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا جس سے صارفین پر 22  ارب  60 کروڑ کا بوجھ پڑا۔


متعلقہ خبریں