لاس اینجلس: ڈولبی تھیٹر میں ہالی وڈ نگری کے لئے سجی آسکرایوارڈز کی 90 ویں تقریب کا اختتام ہوگیا۔
ایوارڈز کی تقریب میں ہالی وڈ، فیشن اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے ستاروں پر پوری دنیا کی نظریں مرکوز رہیں۔
ہالی وڈ ستاروں کے علاوہ شائقین نے بھی بے صبری سے آسکر میں فاتح قرار پائی جانے والی فلموں کے ناموں کا انتظار کیا۔
ذیل میں دیکھتے ہیں کہ فلموں کے سب سے بڑے اعزازکو حاصل کرنے میں کونسی فلمیں کامیاب رہیں۔
‘اے فینٹاسٹک وومن’ کو بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کے لئیے ایوارڈ ملا۔ فلم کوکو کے گانے ‘ری میمبرمی’ کو بہترین اوریجنل سونگ کا آسکر ایوارڈ دیا گیا۔
فلم ‘گیٹ آؤٹ’ کواوریجنل اسکرین پلے کا اور ‘کال می بائی یور نیم’ کو بہترین ماخوذ اسکرین پلے کے لئیے آسکر ایوارڈ ملا۔
کچھ فلمیں ایک سے زائد ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
- ‘تھری بل بورڈ آؤٹ سائیڈ ایبنگ میسوری
فلم کو بہترین اداکارہ (فرانسس میکڈورمنڈ ) اور بہترین معاون اداکار ( سیم روکویل ) کے لئیے دو ایوارڈ ملے۔
- ‘ڈارکسٹ آؤر’
فلم ڈارکسٹ آؤر نے بہترین اداکار (گیری اولڈمین) سمیت میک اپ اور ہیئر اسٹائلنگ کیٹیگری (کازوہیری، ڈیوڈ اور لوسی) کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
- بلیڈ رنر
بلیڈ رنر کو بہترین ویژیول ایفیکٹ (جان نیلسن، جرڈ نیفزر، پال لیمبارٹ اور رچرڈ ہوور) اور بہترین سینیماٹوگرافی (راجر ڈیکنز) کے لئیے دو آسکرز ملے۔
دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ یعنی تین ایوارڈز فلم ‘ڈنکرک’ کے حصے میں آئے۔
ڈنکرک کی ٹیم بہترین ساؤنڈ ایڈیٹنگ (رچرڈ کنگ اور ایلکس گبسن )، بہترین ساؤنڈ مکسنگ (مارک ونگارٹن، گریگ لینڈاکر اور گیری ریزو) اور بہترین فلم ایڈیٹنگ (لی سمتھ) کے ایوارڈ اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوئی۔
فلم ‘دی شیپ آف واٹر’ چار ایوارڈز جیت کر 90 ویں آسکرکی سب سے زیادہ ایوارڈ جیتنے والی فلم قرار پائی۔
بہترین ہدایتکاری (گولرمو ڈیل ٹورو )، اوریجنل اسکورنگ اور پروڈکشن ڈیزائنگ کے علاوہ سال کی بہترین فلم ہونے کا ایوارڈ ‘دی شیپ آف واٹر’ نے اپنے نام کیا۔
فلموں کے علاوہ چند ستاروں نے بھی دلچسپ ریکارڈ بنا کر تقریب کو یادگار بنا دیا۔ 89 سالہ جیمزآئیوری نے ایڈاپٹڈ اسکرین پلے کا ایوارڈ جیت کر آسکر جیتنے والے سب سے معمر شخص کا اعزاز حاصل کیا۔
بہترین سینماٹوگرافی پر انعام پانے والے راجر ڈیکنز مسلسل 14 بار آسکر نامزدگیاں حاصل کرنے کے بعد پہلا آسکر جیتنے میں کامیاب ہوئے۔