’پاک افغان سرحد پر630 کلو میٹر تک باڑ لگائی جاچکی ہے‘


کوئٹہ: پاکستان نے پاک افغان سرحد پر630 کلو میٹر جبکہ پاک ایران بارڈر پر 30 کلو میٹر تک باڑ لگائی جا چکی ہے۔

یہ بات آج کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ  نے بلوچستان پولیس کی طرف سے انکے اعزاز میں دیئے گئے  الوادعی ظہرانہ سے خطاب میں بتائی  ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ  عزت کا مقام ہے کہ بلوچستان پولیس کی پروقار تقریب میں شریک ہوا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے دہشتگردی کی جنگ میں پولیس کو مار کھاتے دیکھا ہے،بلوچستان پولیس کے جوان کا حوصلہ باقی دنیا کی پولیس سے بہتر ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ  ہمارے پاس ٹریننگ اور اسلحہ کی کمی ہے لیکن اس کے باوجود پولیس اور پاک فوج نے ملکر دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان پولیس نے بہت قربانیاں دی ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ تمام فورسز نے سر جوڑ اور سوچا کہ پولیس کو کیسے بہتر کریں؟ ہم بہتری کی طرف جارہے ہیں۔ ابھی سیف سٹی پروجیکٹ کی طرف جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا سرحدوں پر باڑ لگانے کا کام اختتامی مراحل پر ہے،جس سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا ۔ دہشت گردی کے خلاف ہم جنگ اسی دن جیت چکے تھے جب چرچ میں پولیس کے جوان نے دہشت گرد کو مار گرایا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان استحکام و ترقی کی جانب گامزن ہے ،تمام فورسز ساتھ کھڑے ہیں ہمارے پیچھے وفاق و صوبائی حکومتیں ہیں  ۔ ہم ہر صفوں میں کھڑے ہو کر دہشت گردوں کو ناکام کر رہے ہیں ۔

آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ آپ نے اپنی سروس کے آخری سال بلوچستان کو دیے،دکھ ہے کہ ہم آپ کی شکل میں ایک اچھے انسان اور افسر سے محروم ہو نگے۔

انہوں نے کہا کہ  آپ کی کاوشوں سے بلوچستان پولیس اس مقام پر آن کھڑی ہے،آپ کی معاونت سے شہر میں عوام کی جان ومال کی حفاظت کر رہے ہیں۔

محسن حسن بٹ نے کہا کہ  آپ نے پولیس فورس کو اعتماد کے ساتھ جدید خطوط پر فائز کیا، پاک فوج ہو یا پولیس ہم ایک ہی مقصد  پر گامزن ہیں۔

آئی جی بلوچستان نے کہا کہ فرنٹئیر کور کے آفسران کا اس محفل میں ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ دہشتگردی کے خلاف فورسز ایک پیج پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پاک ایران سرحد پر باڑ لگائی جائے گی، شاہ محمود


متعلقہ خبریں