کراچی میں ایک اور مبینہ مقابلے کا شکار نوجوان کیلئے باجوڑ میں احتجاج

کراچی میں ایک اور مبینہ مقابلے کا شکار نوجوان کیلئے باجوڑ میں احتجاج | urduhumnews.wpengine.com

باجوڑ: کراچی میں ایک اور مبینہ مقابلے کا شکار ہونے والے نوجوان احمد شاہ کے قتل کے خلاف قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں بڑا احتجاج کیا گیا ہے۔

منگل کو ہونے والے احتجاج میں باجوڑ سیاسی اتحاد کے تحت مختلف سیاسی کارکنوں کے علاوہ اہل علاقہ اور قبائلی مشران کی بڑی تعداد شریک رہی۔

مقتول احمد شاہ کے والد کا کہنا تھا ان کا بیٹا کراچی یونیورسٹی کے زولوجی ڈیپارٹمنٹ کا طالبعلم تھا جسے نامعلوم افراد نے اٹھایا، دو روز بعد اس کی نعش دستیاب ہوئی۔

چیف جسٹس سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے مقتول نوجوان کے والد کا کہنا تھا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ ان کا بیٹا جعلی مقابلے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

قبائلی رہنماؤں کی جانب سے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا گیا کہ کراچی میں بے گناہ پشتونوں کے ماورائے عدالت قتل پر کمیشن قائم کیا جائے۔

احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے باجوڑ سیاسی اتحاد کے سیکرٹری جنرل اور جماعت اسلامی کے رہنما محمد حمید صوفی کا کہنا تھا کہ مقتول پڑھائی کے ساتھ مزدوری کر کے گزربسر کرتا تھا۔ اسے چند روز قبل اٹھایا گیا اور پھر 16 فروری کو موت کی اطلاع دی گئی۔

کراچی میں مبینہ مقابلے کا نشانہ بننے والے نوجوان احمد شاہ منصور کے قتل پر باجوڑ ایجنسی میں احتجاج کا منظر

باجوڑ ایجنسی کے تجارتی مرکز عنایت کلے میں احمد شاہ منصور شہید کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ مشکوک مقابلے کا نشانہ بننے والے قبائلی نوجوان کو انصاف فراہم کیا جائے۔ ماورائے عدالت مقابلوں کا سلسلہ بند کیا جائے تاکہ ریاست، عدالت اور نظام انصاف پر سوالیہ نشان نہ لگے۔

احتجاجی جلسے کے اسٹیج پر آویزاں بینر پر احمد شاہ منصور شہید کے قاتلوں کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ درج تھا۔

کراچی ہی میں چند ہفتے قبل مشکوک پولیس مقابلے میں خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے نوجوان نقیب اللہ محسود کو دہشت گرد قرار دے کر مار دیا گیا تھا۔ بعد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحقیقاتی کمیٹیوں نے نقیب اللہ کو دہشتگرد قرار دینے کے دعووں کی نفی کر دی تھی۔

باجوڑ ایجنسی میں احمد شاہ منصور کے قتل کے خلاف احتجاج پیر کو ان کی تدفین کے ایک روز بعد ہوا۔ مقتول نوجوان کی تدفین باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند کے گاؤں موکھا میں کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں