لاہور: دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزم میں پانچ کالعدم تنظیموں کے خلاف تخریب کاری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) کے مطابق جن تنظیموں پر مقدمات درج کیے گئے ہیں ان میں دعوہ الارشاد ٹرسٹ، معاذ بن جبل ٹرسٹ، الانفال ٹرسٹ، المدینہ فاونڈیشن ٹرسٹ اور الحمد ٹرسٹ شامل ہیں۔
مقدمات میں حافظ محمد سعید، عبدالرحمان مکی، امیر حمزہ اور محمد یحییٰ عزیز کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ بالا افراد پر ٹرسٹ کی آڑ میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کیلیے فنڈز اکٹھے کرنے کا الزام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نےکالعدم تنظیموں کے زیرانتظام مدارس کا کنٹرول سنبھال لیا
ایف اے ٹی ایف کی طرف سے دباو کے بعد پاکستان نے کالعدم جماعتوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ ان جماعتوں کے مدارس، مساجد، زیراستعمال جائیدادیں، ڈسپنسریاں اور ایمبولنسز کو اپنی تحویل میں لینے کا سلسلہ جاری ہے۔
وزارت داخلہ نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو 21 فروری2019 کو کالعدم قرار دیا تھا۔ دونوں تنظیمیوں زیر انتظام سندھ میں چلنے والے مدارس اور فلاحی ادارے بھی صوبائی حکومت نے اپنی تحویل میں لے لیے تھے۔
مارچ 2019 میں حکومت نے وفاقی دارالحکومت میں قائم مسجد قبا، مدرسہ خالد بن ولید، مدرسہ ضیا القرآن، مدنی مسجد اور علی اصغر مسجد کو بھی اپنی تحویل میں لیا تھا۔
کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائیوں سے ملک میں دہشت گردی اور بین الاقوامی برادری کا دباؤ بہت حد تک کم ہوا ہے۔
حکومت بارہا اعادہ کرچکی ہے کہ مقاصد کے حصول تک نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیموں کیخلاف آپریشن جاری رہے گا۔