فرانس نے سمگل شدہ نوادرات پاکستان کے حوالے کردیے


‎پاکستان کے دریائے سندھ کی تہذیب سے وابستہ  آثار قدیمہ  سے تعلق رکھنے والے نوادرات حکومت فرانس نے ایک پیچیدہ اور مشکل کارروائی  مکمل ہونے کے بعد پاکستان کے حوالے کر دئیے ہیں۔

‎پیرس سے نمائندہ ہم نیوز عاکف غنی کے مطابق سندھ وادی کے آثار قدیمہ سے تعلق رکھنے والے یہ نوادرات سال 2006-07 میں فرانس کے محکمہ کسٹم نے پیرس کے ہوائی اڈے پر ایک کارروائی کے دوران تحویل میں لے لئے تھے۔

پیرس میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں گزشتہ ہونے والی ایک سادہ اور پروقار تقریب کے دوران یہ نوادرات ڈائریکٹر جنرل کسٹمز برائے فرانسیسی وزارت ایکشن و پبلک اکاؤنٹس  روڈولوف جنٹز نےپاکستانی سفارت خانہ کےڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد امجد عزیز قاضی کے حوالے کئے۔

امجد عزیز قاضی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان آثار قدیمہ کے قیمتی اور نایاب نوادرات کی واپسی کیلئے عدالتی و دیگر قانونی کارروائی کے دوران حکومت فرانس اور فرانسیسی محکمہ کسٹم کی طرف سے فراہم کی جانے والی معاونت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ڈائریکٹر جنرل کسٹمز فرانس روڈولوف جنٹز نےنوادرات کی پاکستان کو واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان نوادرات کو فرانسیسی کسٹمز حکام نے یونیسکو کنونشن کے تحت ہونے والے معاہدے کے تحت تحویل میں لیا تھا جس پر پاکستان اور فرانس نے بھی دستخط کیئے ہیں۔

‎اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان قدیم اور نوادرات کی سمگلنگ کو روکنا اور ان کی ان ممالک کو واپسی کی شقیں شامل ہیں۔

‎بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل کسٹمز نے باضابطہ طور پر ان  نوادرات کو سفارت خانہ پاکستان برائے فرانس کے چارج ڈی افیئر اینڈ ڈپٹی ہیڈ آف مشن کے حوالے کیا۔حکومت پاکستان کی طرف سے حکومت فرانس کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: بدھا کا سب سے بڑا مجسمہ سوئٹزرلینڈ سے پشاور عجائب گھر منتقل

پنجاب میں جرائم کی تاریخ عجائب گھر میں محفوظ


متعلقہ خبریں