پاکستان نے 100 مزید بھارتی ماہ گیر رہا کردئیے



کراچی: پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت آج مزید 100 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے اب تک رہا کیے گئے ماہی گیروں کی تعداد 300 ہوگئی ہے جن میں سے 200 کو گزشتہ ہفتے جبکہ 100 ماہی گیروں کو آج رہا کیا گیا ہے۔

بھارتی ماہی گیروں کو پاکستان بزنس ایکسپریس کے ذریعے لاہور روانہ کیا گیا ہے جہاں سے واہگہ بارڈر کے راستے وہ اپنے وطن واپس پہنچ جائیں گے۔

دفترخارجہ نے رواں ماہ میں 360 قیدیوں کو چار مختلف مراحل میں رہا کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں سے تین مرحلے مکمل ہوگئے ہیں جبکہ ایک باقی ہے جس کے تحے 29 اپریل کو مزید بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا جائے گا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان اس سال کے آغاز میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا تھا جس کے مطابق پاکستان کی مختلف جیلوں میں 537 بھارتی شہری قید ہیں جس میں 483 ماہی گیر اور 54 سویلین شامل ہیں، اسی طرح بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی تعداد 317 ہے جس میں 98 ماہی گیر اور 249 سویلین شامل ہیں۔

پاکستان کے اس اقدام سے ماہی گیر خوش ہیں اور پاکستانی جیلوں میں دوستانہ رویے کی بھی تعریفیں کررہے ہیں۔

یاد رہے اسی سال میں 29 مارچ کو بھارتی جیل میں قید ایک پاکستانی ماہی گیرنورالامین کو تشدد کے بعد شہید کردیا گیا تھا جس کی لاش چار اپریل کو پاکستان کے حوالے کی گئی تھی۔

نورالامین کو سمندری حدود پر بھارت نے گرفتار کیا تھا لیکن 2017 میں سزا پوری ہونے کے باوجود بھی انہیں رہا نہیں کیا گیا تھا، پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے پر ان پر تشدد کیا گیا جس سے وہ زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

واضح رہے پاکستان اور بھارت کے ماہی گیر کشتیوں میں سمت اور حدود بتانے والے جدید آلات نہ ہونے اورشکار کی تلاش میں ایک دوسرے ملک کی حدود میں داخل ہوجاتے ہیں جس پر انہیں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں