آئی ایم ایف کی شرائط سے پہلے ہی بنیادی تبدیلیاں کی جا چکیں، اسد عمر


وزیر خزانہ اسد عمر  نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام جلد مکمل ہو جائے گا، آئی ایم ایف کی شرائط سے پہلے ہی بنیادی تبدیلیاں کی جا چکی ہیں اور اگلا کام بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات کا ہے، ہم پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی اصلاحات پر کام کررہے ہیں ۔

وزیر خزانہ اسد عمر جو اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں‘ نےواشنگٹن میں  میڈیا سے گفتگو  کی ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ خطرناک حد تک ادائیگیوں کے توازن کا بحران تھا جس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے اور قیمتوں میں اضافے سے متعلق اقدامات پہلے ہی کیے جا چکے ہیں، ہم نے آپشنز پیدا کیے تھے اس لیے فوری طور پر آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں کیا، معیشت میں ایسے اقدامات کرنے پڑتے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ پہلے آئی ایم ایف کی تجاویز پاکستان کی معیشت کے لیے بہتر نہیں تھیں، اس لیے اُس وقت تک معاہدہ نہیں کیا جب تک وہ ہمارے سامنے ایسی تجاویز نہ رکھے جوہماری  معیشت کی بہتری کے لیے ہوں۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ فروری میں  کرنٹ اکاؤنٹ ڈیفیسٹ یعنی جاری کھاتوں کا خسارہ پچھلے سال کے مقابلے میں 72 فیصد کم تھا اور ہر ماہ تجارتی خسارے میں کمی آرہی ہے اور قلیل مدتی فنانسنگ کا بھی انتظام کرلیا ہے، آئی ایم ایف پروگرام معیشت کو بہتری کی طرف لے جا سکےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ علاقائی تجارت سے خطے کے عوام کی بہتری ہوگی، بھارت کے ساتھ دوطرفہ مسائل اور تجارت پر بات چیت کا ارادہ ہے، امید ہے بھارت میں آنے والی نئی حکومت پاکستان کے ساتھ بیٹھے گی۔

اسد عمر نے کہا کہ ترکی کے ساتھ اسٹریٹکجک اکنامک فریم ورک کا ڈرافٹ تیار کرلیا جس پر ایک ماہ میں دستخط کریں گے جب کہ ترکمانستان کے ساتھ گیس پائپ لائن معاہدہ ہوچکا ہے، آج افغانستان کے وزیرخزانہ اور تاجکستان کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی، دونوں ممالک کے ساتھ تجارت بڑھا سکتے ہیں۔

استعفے کی باتیں غلط ہیں ، کہیں نہیں جارہا، اسد عمر 

وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ  ان کے استعفے کی باتیں غلط ہیں وہ  کہیں نہیں جارہے۔

گفتگو کے دوران  ایک صحافی نے ان کے استعفے سے متعلق افواہوں سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے اس کا جواب مرزا اسد اللہ خان غالب کے ایک شعر کا مصرعہ پڑھ کر دیا:

’ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے‘

اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم کے بغیر بیرون ملک جاتا ہوں تو ایسی باتیں کی جاتی ہیں تاہم وہ  کہیں نہیں جارہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان کو تمہاری ضرورت ہے۔

وزیرخزانہ اسد عمر کی واشنگٹن میں عالمی مالیاتی اداروں کے وفود سے ملاقاتیں

وزیرخزانہ اسد عمر کی واشنگٹن میں عالمی مالیاتی اداروں کے وفود سے ملاقاتیں جاری ہیں ۔وزات خزانہ حکام کے مطابق  وزیرخزانہ  اسد عمر نے  ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکی ہیکو ناکائو کے ساتھ ملاقات کی ۔

یہ بھی پڑھیے:اسد عمر کی آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اجلاسوں میں شرکت

ملاقات میں اسد عمر نے صدر اے ڈی بی کو پاکستان کی موجودہ میکرواکنامک صورتحال سے آگاہ کیا۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کے صدر تاکی ہیکو ناکائو نے پاکستان میں اصلاحاتی نظام کو سراہا۔
صدر اے ڈی بی نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
وزیرخزانہ اسد عمر کی ورلڈ بینک کے وفد سے بھی ملاقات ہوئی ہے ۔ ملاقات کے دوران جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیرخزانہ اسد عمر کی ورلڈ بینک انوسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے وفد سے بھی ملاقات ہوئی ہے ۔ ملاقات میں وزیرخزانہ نے  ورلڈ بنک انوسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے وفد کوحکومت کی نجکاری پالیسی سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ اسد عمر نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ فریم ورک میں توسیع پر بھی بات کی۔
وزیر خزانہ اسد عمر کی امریکی محکمہ خزانہ کے حکام سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔
اسد عمر نے  سعودی ہم منصب محمد الجدان سے بھی  ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ امور اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


متعلقہ خبریں